پنجاب کے مدارس میں غیرمتعلقہ شخص کو ٹھہرانے پر پابندی

تعلیمی اداروں، مدارس اور مساجد کے لیے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دینے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

سی ٹی ڈی پولیس نے رات گئے مخبر کی اطلاع پر چوک ہریانوالہ گجرات میں کارروائی کی۔ فوٹو: فائل

JAMSHORO:
ملک بھرمیں آپریشن ''ردالفساد'' کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

منگل کو مزید درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا، رحیم یار خان سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں، مساجد اور مدارس میں غیرمتعلقہ شخص کو ٹھہرانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

تعلیمی اداروں، مدارس اور مساجد کے لیے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دینے کی ہدایات جاری کردی گئیں، پولیس کو اطلاع دیے بغیرہاسٹل، مدرسہ اور مسجد میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کونہ ٹھہرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس کو بتائے بغیر مکان کرائے پر دینے والے مالکان کے خلاف بھی کریک ڈائون کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ادھر رحیم یار خان ،صادق آباد اور احمد پور لمہ سے نامہ نگار و نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشن کے دوران 12 افغانیوں سمیت 14 افراد کو گرفتار کرلیا ، تھانہ اے اور بی ڈویژنوں ،صادق آباد صدر اور سٹی تھانوں سمیت کوٹ سمابہ' احمد پور لمہ' بھونگ' کوٹ سبزل اور ماچھکہ ، موضع راجڑی' چک 212 پی' عزیز آباد' قذافی کالونی' شاہ گڑھ' موضع چنہ' بسم اللہ پور اور چک اسلم آباد میں کارروائیاں کی گئیں ۔


رینجرز اور حساس اداروں نے سوئی گیس آفس صادق آباد سے احمد پور لمہ کے رہائشی شخص کو حراست میں لے کر نامعلوم جگہ پر منتقل کر دیا، ملزم سید ناصر شاہ کے گھر سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور متعدد کمپنیوں کی سمیں بھی برآمد ہوئیں، گوجرانوالہ سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق گجرات سے 2 دہشت گرد وں کو گرفتار کر کے بارودی مواد اور نقشے برآمدکرلیے گئے۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی پولیس نے رات گئے مخبر کی اطلاع پر چوک ہریانوالہ گجرات میں کارروائی کی، ملزمان محمد اسماعیل خلیل اور زبیر کے قبضے سے 550 گرام بارود، 2 ڈیٹو نیٹر ، 48 سیفٹی فیوز اور نقشے برآمد ہوئے، سی ٹی ڈی نے انکے خلاف مقدمہ درج کرکے ابتدائی تفتیش شروع کردی ،حافظ آباد سے نمائندے کے مطابق پولیس اور ایلیٹ فورس نے حساس اداروں کے ساتھ ضلع کے مختلف مقامات پر کومبنگ آپریشن کے دوران 30ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں اشتہاری اور منشیات فروش بھی شامل ہیں، ملتان میں اڈہ بلی والا کے قریب حساس اداروں اور پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، سوات سے آن لائن کے مٹہ سے پولیس نے 8 سال سے روپوش اہم مطلوب شدت پسند عادل خان کو گرفتا ر کرلیا چارسدہ اور ہنگو میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 2 افغان باشندوں سمیت 60 مشتبہ افراد کو حراست میںلیکر اسلحہ برآمد کیا ،نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایبٹ آباد میں سی ٹی ڈی نے دو ٹارگٹ کلرز گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزموں نے ڈھائی ماہ پہلے پارہ چنار میں واپڈا ایکسئین یوسف شاہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، بلوچستان کے شہر لورالائی کے علاقے دکی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک جھگی سے خودکش جیکٹیں، دستی بم ، راکٹ لانچر اور بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے قبضے میں لے لیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ،کوئٹہ ،ژوب اور سبی میں کارروائی کے دوران سہولت کار سمیت33افغان باشندوں کو گرفتارکرلیاگیا ،این این آئی کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پھیلاوغ میں امن رضا کا ر لشکر نے 20 کلو وزنی ریموٹ کنڑول بم برآمد کیا جسے نا کارہ بنادیا گیا۔
Load Next Story