آرمی چیف کی شہبازشریف کو پی ایس ایل کے فائنل کی سیکیورٹی پرمکمل تعاون کی یقین دہانی

میگا ایونٹ میں سیکیورٹی کے لیے جو چیزیں درکار ہوں ہمیں بتائی جائیں، سربراہ پاک فوج کی شہباز شریف سے گفتگو


ویب ڈیسک March 01, 2017
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا فوٹو: فائل

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔



ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا ، ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستان سپر لیگ فائنل کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پی ایس ایل کی سیکیورٹی کےلیےفوج بھرپور تعاون کرے گی ، میگا ایونٹ میں سیکیورٹی کے لیے جو بھی چیزیں درکار ہوں ہمیں بتائی جائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹوں کی ریکارڈ فروخت



اس سے قبل شہباز شریف کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ پاک فوج کے نمایندے بھی شریک ہوئے، اجلاس میں شائقین کواسٹیڈیم تک لے جانے کے لیے خصوصی بس شٹل سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔



اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک میں خوف و ہراس کی فضا ختم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہنگامی حالات میں ہمیشہ غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں، کابینہ کمیٹی امن وامان باقاعدگی سے تمام انتظامات کا جائزہ لے، متعلقہ ادارے اور محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے اور اس میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی مشاورت اور معاونت بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے اس پر حرف نہیں آنے دیں گے، لاہور میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد پورے ملک کے لئے باعث اعزازہے،اجتماعی کاوشوں سے میچ انتظامات کوخوب سےخوب تر بنانا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل فائنل کھیلنے پر رضامند ہوگئے،نجم سیٹھی



وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں، پورے لاہور کو برقی قمقموں سے روشن کیا جائے اور دوران میچ داخلی وخارجی راستوں پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، شٹل سروس کے ذریعے شائقین کو اسٹیڈیم تک رسائی مفت حاصل ہوگی، ٹریفک کے متبادل انتظامات کرکے عوام کو آگاہ کیاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں