نئے موٹر سائیکل مینو فیکچررز کو 5 سال کیلئے ڈیوٹی چھوٹ کا اعلان

نئی ٹیکنالوجی کی حامل 100سی سی یا زائد طاقت کی موٹرسائیکل بنانے کیلیے پرزے کسی بھی شکل میں درآمد کرنے پر28.75۔۔۔


Irshad Ansari January 09, 2013
ای ڈی بی نیشنل ٹیرف کمیشن کی مشاورت سے نئے مینوفیکچررز کے لیے معاہدے کا مسودہ اور نیو انٹرینٹ پلان تیار کرے گا، ایف بی آر نے ترمیمی ایس آر او جاری کردیا۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے نئی ٹیکنالوجی کے حامل 100 سی سی اور اس سے زائد طاقت کی نئے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کو 5 سال کے لیے موٹر سائیکل کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات و ذیلی آلات کی درآمد پر عائد 28.75 فیصد اضافی کسٹمز ڈیوٹی سے چھوٹ دے دی۔

جس کے لیے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نیشنل ٹیرف کمیشن کے ساتھ باہمی مشاورت سے نئے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کے لیے مجوزہ معاہدے کا مسودہ اور نیوانٹرینٹ پلان تیار کرے گا تاکہ اسکیم کا غلط استعمال نہ ہوسکے۔ اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے منگل کو ترمیمی ایس آر او نمبر 09(I)2013 جاری کر دیا ہے جس کے تحت یکم جولائی 2006 کو جاری کردہ ایس آر او نمبر 693(I)/2013 میں ترمیم کردی گئی۔

مذکورہ ترمیمی ایس آر او میں کہا گیا ہے کہ نئے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کو 5 سال کے لیے اضافی کسٹمز ڈیوٹی سے چھوٹ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی طرف سے نئے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کے لیے منظور کردہ پالیسی کے تحت دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 5 سال کے لیے اضافی کسٹمز ڈیوٹی سے چھوٹ ان نئے مینوفیکچررز کو ملے گی جو وزارت صنعت، وزارت تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی (نیو انٹرینٹ کمیٹی)کے منظور شدہ ہوں گے۔



نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی کے حامل 100سی سی اور اس سے زائد طاقت کی نئے موٹر سائیکلوں کی مینوفیکچرنگ کے لیے نئی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو کمرشل پیداوار شروع ہونے کی تاریخ سے آئندہ 5 سال تک پرزہ جات و ذیلی پرزہ جات کی کسی بھی کٹ کی صورت میں درآمد پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی ادا نہیں کرنا ہوگی۔

تاہم یہ سہولت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ جب نئے مینوفیکچررز کی تیار کردہ موٹر سائیکلوں کی کمرشل پیداوار شروع ہوتو ان کی مجموعی پیداوار کا کم ازکم 25 فیصد حصہ مقامی سطح پر تیار ہونا چاہیے جسے 5 سال میں بڑھا کر 85 فیصد تک لے جانا ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نیشنل ٹیرف کمیشن کے ساتھ باہمی مشاورت سے نئے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کے لیے مجوزہ معاہدے کا مسودہ اور نیو انٹرینٹ پلان تیار کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں