پی ایس ایل فائنل کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی

باقی میچز کی طرح فائنل میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے، کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد


ویب ڈیسک March 02, 2017
فائنل میں پہنچنے کے لئے ٹیم کے تمام لڑکوں نے بہت محنت کی، ہیڈ کوچ معین خان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی اور دیگر عملہ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد، کوچ معین خان، ٹیم کے مالک ندیم عمر دیگر کھلاڑیوں اسد شفیق، انور اعلی اور نور ولی کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو عوام کی بڑی تعداد نے انہیں خوش آمدید کہا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل فائنل کھیلنے پر رضامند ہوگئے،نجم سیٹھی

کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جیسے ہم نے دبئی اور شارجہ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، لاہور میں بھی شاندار کارکردگی کے ذریعے فائنل جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ٹیم کی جیت کے پیچھے چھپے راز کے حوالے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کی کامیابی کا سب سے بڑا راز کھلاڑیوں میں یکجہتی اور ٹیم منیجمنٹ کا کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا رویہ ہے۔

پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہونے کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی خوش آئند بات ہے کہ فائنل میچ پاکستان میں ہو رہا ہے، پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے لئے پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے اہم ترین میچ میں ٹیم میں شامل نہ ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کا کہنا تھا کہ اگر ایک دم آپ کی ٹیم کے 4 سے 5 اہم کھلاری ٹیم سے باہر ہو جائیں تو کارکردگی پر بہت فرق پڑتا ہے لیکن کوشش ہو گی کہ جو بہترین کھلاڑی میسر ہیں انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کرکٹرز کا فائنل کیلیے لاہور آنے سے انکار

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کوچ معین خان کا کہنا تھا کہ فائنل میں پہنچنے پر ٹیم کے لڑکوں کی محنت ہے، ہر کھلاڑی نے اپنی جگہ اچھا پرفارم کیا اور اسی کو ٹیم کی مشترکہ کارکردگی کہا جاتا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو فائنل کے لئے وطن لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسسٹنٹ کوچ عبدالرزاق، اوپنر احمد شہزاد، محمد نواز، ذوالفقار بابر، سعد نسیم اور عمر امین لاہور پہنچے جہاں کھلاڑیوں کا کرکٹ شائقین نے شاندار استقبال کیا۔

واضح رہے کہ 5 مارچ کو لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی ایک روز آرام کے بعد لاہور میں یکجا ہوں گے جب کہ پی ایس ایل کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کراچی کنگز اور پشاور زلمے کے مابین ہونے والے میچ کے بعد ہو گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فائنل میں کیوین پیٹرسن، ٹائمل ملز اور رائلی روسو جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی تاہم کوئٹہ کے مینٹور (گرو) ویون رچرڈز فائنل کے لئے پاکستان آنے کی حامی بھر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |