لاپتہ افراد کیس سندھ ہائیکورٹ درخواستوں کی عدم پیروی پر ایم کیوایم پر برہم

فاروق ستار مقدمات کی پیروی نہیں کرسکتے تو درخواستیں کیوں دائر کرتے ہیں، عدالت کے ریمارکس

فاروق ستارمقدمات کی پیروی نہیں کر سکتے تو درخواستیں کیوں دائر کرتے ہیں، عدالت: فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے عدم پیروی پر برہمی کا اظہارکیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم پاکستان کے 10 لاپتہ کارکنوں سمیت 60 افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کیسز کی مسلسل عدم پیروی پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار اور ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ مقدمات کی پیروی کرنے نہیں آتے اور پھر کہتے ہیں عدالتیں ہمارے ساتھ انصاف نہیں کرتیں، اگر فاروق ستارمقدمات کی پیروی کے لئے عدالت میں نہیں آسکتے تو انہوں نے درخواستیں کیوں دائر کر رکھی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں لاپتہ افراد کی بازیابی میں تیزی


عدالت میں تفتیشی افسر نے ایم کیوایم کے کارکن فہیم ریاض کی رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ 2013 سے لاپتہ کہلانے والا فہیم ریاض پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور جیل میں ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ کا مردہ خانوں اور جیلوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم

عدالت کا کہنا تھا کہ جس گھر کا فرد غائب ہوجائے اس کی تکلیف کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا عدالت نے لاپتہ شہریوں کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے پولیس، رینجرز اور فریقین سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ۔

Load Next Story