انگلش کرکٹ ٹیم شکستوں کے بھنور میں پھنس گئی

بھارت میں مسلسل دوسرے ٹور میچ میں ناکامی، ای ین بیل کی سنچری کام نہ آئی


Sports Desk January 09, 2013
سخت سردی کی وجہ سے دھرم شالا میں شیڈول پانچواں میچ منتقل کرنے پر غور۔ فوٹو: فائل

لاہور: بھارت آتے ہی انگلش کرکٹ ٹیم شکستوں کے بھنور میں پھنس گئی، گذشتہ روز اسے مسلسل دوسرے ٹور میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

اوپنر ای ین بیل کے 108 رنز کسی کام نہ آ سکے، شیکھر دھون کی سنچری نے دہلی کو6 وکٹ سے فتحیاب کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق دہلی کے سخت سرد موسم سے ہم آہنگ ہونے میں انگلینڈ کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، میزبان کے خلاف ون ڈے وارم اپ میچ میں مہمان سائیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مقررہ 50 اوورز میں مجموعہ 5 وکٹ پر294 تک جا پہنچا، الیسٹر کک (44) اور ای ین بیل (108) نے70 رنز کا آغاز فراہم کیا، ایو مورگن نے 52 اور کیسویٹر نے 41 رنز اسکور کیے، ورون سود نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔



جواب میں دہلی نے 48.3 اوورز میں 4 وکٹ پر ہدف حاصل کر لیا، شیکھر دھون (110) اور انمکڈ چند (37) کے درمیان98 رنز کی اوپننگ شراکت نے فتح کی بنیاد رکھی، ملند کمار (78) اور بھاٹیہ (45) نے پانچویں وکٹ کیلیے ناقابل شکست103 رنز جوڑے۔ دریں اثنا بھارتی کرکٹ بورڈ نے سخت سردی کی وجہ سے دھرم شالا میں شیڈول انگلینڈ سے پانچواں میچ منتقل کرنے پر غور شروع کردیا، وہاں پر درجہ حرات منفی 7 سینٹی گریڈ تک گرچکا جس کی وجہ سے مہمان پلیئرز کا جانے سے انکار یقینی ہے، دھرم شالا کا گرائونڈ خوبصورتی میں بے مثال مگر انگلش کرکٹرز منفی درجہ حرارت میں کھیلنے کو تیار نہیں ہوں گے، سیریز کا یہ آخری میچ 27 جنوری کو شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں