قائد اعظم کرکٹ ٹرافی کراچی کی دونوں ٹیمیں فتح کے قریب پہنچ گئیں

راولپنڈی نے121 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں، سیالکوٹ کو اننگز کی شکست کا خطرہ

صدف حسین نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کے عوض 6 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے رائونڈ میں عاطف مقبول کی تباہ کن بولنگ نے کراچی وائٹس کو راولپنڈی کیخلاف کامیابی کے قریب پہنچا دیا۔ کراچی بلوزکے ہاتھوں سیالکوٹ کو اننگز کی شکست کا خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق میچ کے دوسرے روز گروپ ٹو میں کراچی وائٹس نے راولپنڈی کے153 رنز کے جواب میں نامکمل پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور 32 رنزکی برتری حاصل کرنے کے بعد185 پر آئوٹ ہوگئی، سرفراز احمد38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، صدف حسین نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کے عوض6 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں راولپنڈی کی ٹیم دوسری اننگز میں آف اسپنرعاطف مقبول کی بولنگ کے سامنے121 رنز پر 5وکٹیں گنوا بیٹھی۔ عمر امین نے 43 اور بابر نعیم نے37 رنز اسکور کیے۔

گزشتہ میچ میں ایبٹ آباد کیخلاف13 وکٹیں لینے والے عاطف مقبول نے پہلی اننگز میں 62 رنز کے عوض 5مہمان کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی کوئی رعایت نہ برتی اور 25 رنز کے عوض 3 وکٹ اپنے کھاتے میں ڈالیں۔




راولپنڈی کو کراچی وائٹس کیخلاف دوسری اننگز میں محض 89 رنز کی برتری حاصل ہے۔ این بی پی اسٹیڈیم میں فالو آن پر مجبور ہونیوالے سیالکوٹ کو کراچی بلوز کے ہاتھوں اننگزکی شکست سے بچنے کیلیے212رنز درکار ہیں، ٹیم نے دوسر ے روز کا کھیل ختم ہونے پر دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 18 رنز بنائے، قبل ازیں کراچی بلوز نے 6 وکٹ پر261 رنز کیساتھ اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی اور 354 پر مکمل ٹیم آئوٹ ہوگئی،اعظم حسین نے 60 اورتنویر احمد نے 52 رنز اسکور کئے،اسپنر عبدالرحمان نے 47 رنز دیکر 4وکٹیں لیں، جواب میں سیالکوٹ کی ٹیم 124 رنز پر آئوٹ ہو کر فالو آن پر مجبور ہوگئی،فیصل خان نے 57 رنز بناکر کچھ مزاحمت کی، اکبر رحمان نے محض 14 رنز دیکر 4 بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا۔

گروپ اے میں ایل سی سی اے گرائونڈ پرکھیل کے پہلے روز میزبان لاہور راوی نے کوئٹہ کیخلاف ایک وکٹ پر 146 رنز بنا لیے ، عبدی علی 49 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں جبکہ عرفان حیدر نے 40 رنزاسکور کیے، قذافی اسٹیڈیم میںگروپ بی کے میچ میں فیصل آباد نے لاہور شالیمار کیخلاف 3 وکٹیں گنوا کر 93 رنز اسکور کیے، اس میں معظم حیات کے31 اورآصف علی کے 28 رنز بھی شامل رہے ، عزیز چیمہ نے 34 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں، پنڈی اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد کیخلاف بہاولپور نے اپنی پہلی اننگز میں 32 اوورز میں121 رنز بنائے جبکہ اس کے3 کھلاڑی آئوٹ ہوئے، ریحان رفیق 43 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، معین الدین نے 48 رنز بنائے، ملتان میں پشاور نے میزبان ٹیم کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر113 رنز بنائے۔

Recommended Stories

Load Next Story