اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کیلیے 38 کروڑ جاری کرنے کی منظوری

نجکاری کمیشن کی سفارشات اورگندم کے ذخائرکاجائزہ، اقتصادی اشاریوں پر اظہاراطمینان، سیکریٹری خزانہ کی بریفنگ


Numainda Express March 03, 2017
جولائی سے جنوری کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں10فیصد اضافہ ہواہے جن میں فوڈ، پاوربجلی اورتعمیرات شامل ہیں۔ فوٹو؛ فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملزکے ملازمین کو نومبر 2016 کی تنخواہ کی ادائیگی کیلیے38کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس گزشتہ روزوفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈارکی زیرصدارت ہوا جس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے پیش کردہ سفارش کاتفصیلی جائزہ لینے کے بعد پاکستان اسٹیل مل کے ملازمیں کو نومبر کی تنخواہ جاری کرنیکی منظوری دیدی گئی۔

اجلاس میں اقتصادی اعشاریوں اور ملک کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی سیکریٹری خزانہ طارق باجوہ نے بتایاکہ سی پی آئی ڈبلیوپی آئی اورسی پی آئی کی شرح میں فروری 2017 کے دوران 4.2 فیصد 5.3 فیصد اور 1.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اجلاس میں گندم کے ذخائر کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی اشاریوں پراطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ فروری 2017تک ملک میں گندم کا ذخیرہ 5.52 ملین ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ چینی کا 3.2ملین ٹن اورپٹرولیم مصنوعات کا اسٹاک 30دنوں کیلیے موجودہے۔

کمیٹی میں بتایا گیا کہ نومبراوردسمبرمیں لارج اسکیل منیوفیکچرنگ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں7فیصد زائد ہے۔آئرن اوراسٹیل مصنوعات میں 15.63 فیصد، الیکٹرونک14.35فیصد، نان مٹیلک منرل 9.31 فیصد، فارماسوٹیکل 7.90فیصد، تمباکو اور مشروب6.95 فیصد، آٹو موبائل 6.67فیصد، کھاد3.47فیصد اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں 0.14 فیصد گروتھ دیکھی گئی۔

کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ انڈسٹریل سیکٹرمیں پیسے کی فراوانی 22 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ بجلی کی پیداوار میں اضافے اورگیس سے بجلی پیداکرنے کی وجہ سے پیداوار 9 ہزار 352میگاواٹ تک پہنچے گئی ہے۔ گیس کی پیداوار دسمبر 2016میں4ہزارایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی۔ گیس اور بجلی کی پیداوار میں مسلسل اضافے سے صنعتی شعبے میں بہتری آ رہی ہے۔

علاوہ ازیں کمیٹی میں بتایا گیاکہ سالانہ بنیاد پر درآمدات میں 9.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا تاہم ایف بی آر کے ٹیکس ریونیو میں سالانہ بنیادوں پر9 فیصد جبکہ رواں مالی سال کے 8ماہ کے دوران 7.6فیصد بہتری آئی ہے۔ جولائی سے جنوری کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں10فیصد اضافہ ہوا ہے جن میں فوڈ، پاوربجلی اورتعمیرات شامل ہیں جبکہ کمیٹی نے کرنٹ اکائونٹ ڈیفیسٹ میں اضافے پرمایوسی کااظہارکیا اور متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ برآمدات کوبڑھاتے ہوئے اس فرق کوکم کیاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں