جدہ ائیرپورٹ پر پی آئی اے سے تمام سہولیات واپس لے لی گئیں

قومی ائیرلائن سے واپس لی گئی سہولیات میں بریفنگ کاؤنٹر، لاؤنج اور پارکنگ شامل ہیں

فروری میں پی آئی اے کی کوئی بھی پرواز بروقت آپریٹ نہیں ہوسکی, سعودی ایوی ایشن حکام : فوٹو: فائل

جدہ ائیرپورٹ پر آپریشن میں مسلسل تاخیر پر قومی ائیرلائن پی آئی اے سے سہولیات واپس لے لی گئی ہیں جب کہ بھاری جرمانے کا بھی خدشہ ہے۔

قومی ائیر لائن کی پے در پے ناکامیوں کا سلسلہ جاری ہے،طیاروں کی خرابی کے باعث پرواز کا تاخیر سے روانہ ہونا ،عملے کی بدسلوکی اور حالیہ واقعہ جس میں پرواز کے مسافروں کو بس کی طرح کھڑے ہو کر سفر کرنے پر مجبور کیا گیا جب کہ اب ایک نئی خبر یہ ہے کہ فروری میں تمام پروازوں کے مسلسل تاخیری آپریشن کے باعث اب پی آئی اے سے جدہ ائیرپورٹ پر دی جانے والی تمام سہولیات واپس لے لی گئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ فروری میں پی آئی اے کی کوئی بھی پرواز بروقت آپریٹ نہیں ہوسکی اور جدہ ائیرپورٹ پر آپریشن میں مسلسل تاخیر کے باعث قومی ائیرلائن سے سہولیات واپس لی جارہی ہیں۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: پی آئی اے نے اپنے اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کردیئے

قومی ائیرلائن کی جانب سے تحریری معافی اور آئندہ ایسا نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی تاہم سعودی ایوی ایشن نے تحریری معافی نامے کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے قومی ائیرلائن سے جدہ ائیرپورٹ پر بریفنگ کاؤنٹر، لاؤنج اور پارکنگ کی سہولیات واپس لے لی ہیں اور پی آئی اے کو بھاری جرمانے کا بھی خدشہ ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شیری رحمان کو غلط طیارے میں بٹھادیا
Load Next Story