پی ایس ایل فائنل میچ اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ

اس میچ کو دیکھنے کے لیے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرکے ثابت کیا کہ یہ زندہ دل قوم ہے


Editorial March 04, 2017
زیادہ تر بینکوں سے 500 والی ٹکٹیں ختم ہوچکی ہیں جب کہ صرف 8 ہزار اور 12 ہزار والی دستیاب ہیں۔

لاہور میں 5 مارچ کو ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے لیے کرکٹ کے دیوانوں بالخصوص نوجوانوں کا جنون اور جوش و خروش قابل دیدنی ہے، اس میچ کو دیکھنے کے لیے نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد کی بے قراری اور بے تابی کا اندازہ ٹکٹوں کے حصول کے لیے لگی لمبی قطاروں سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ پنجاب بینک کی کئی شاخوں میں500 اور4000 روپے والے ٹکٹ ختم ہونے سے شائقین کی مایوسی احتجاج میں بدل گئی ۔

شائقین کے جوش و خروش اور جنون کو دیکھتے ہوئے بعض منفی سوچ رکھنے والے افراد کی جانب سے ٹکٹیں بلیک ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں' ایسے ہی ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل پر پوری دنیا نظریں جمائے بیٹھی ہے ایسے میں ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت یا کسی ناخوشگوار واقعہ کا منفی تاثر ابھرے گا لہٰذا ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت کے خلاف انتظامیہ کو متحرک کردار ادا کرنا ہو گا۔ سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد لاہور میں پہلے زمبابوے کے ساتھ میچ ہوا اور اب پی ایس ایل کا فائنل میچ ہو رہا ہے۔

اس ایونٹ کو سبوتاژ کرنے کے لیے لاہور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بم دھماکوں کی سیریل چلی مگر بہادر پاکستانی قوم نے خوف و بیم کی چھائی ہوئی اس فضا کے باوجود حکومت کے سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کے غیر متزلزل اور اٹل فیصلے کو خوش آمدید کہا اور اس میچ کو دیکھنے کے لیے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرکے ثابت کیا کہ یہ زندہ دل قوم ہے اور امن کے دشمنوں کی کوئی بھی مذموم کارروائی ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ بہرحال پی ایس ایل فائنل میچ کی ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کو ہر ممکن روکنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ہماری دعا ہے کہ یہ فائنل میچ بخیر و خوبی سرانجام پائے اور دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج ابھرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |