تیاریاں مکمل دیوانے پُرجوش پی ایس ایل فائنل کا میلہ کل سجے گا

لاہورمیں رنگ ونور، فل ڈریس ریہرسل،5درجاتی سیکیورٹی پلان،قذافی اسٹیڈیم کے اطراف غیرمتعلقہ افرادکاداخلہ ممنوع


علاقے کی فضائی نگرانی، پارکنگ روٹ اوکے،تماشائیوں کیلیے شٹل سروس ،ہیلپ لائن نمبر جاری، اسپتالوں میں الرٹ۔ فوٹو؛ فائل

SHABQADAR: پاکستان سے روٹھی کرکٹ کی واپسی ہونے جا رہی ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کامیلہ کل (اتوار کو) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سجے گاجبکہ میدان ابھی سے سج گیا ہے۔

پی ایس ایل فائنل کابخار سر چڑھ کر بولنے لگاہے، کرکٹ دیوانوں کی تو جیسے موج ہی لگ گئی، میدان کو دلہن کی طرح سجادیاگیا، قذافی اسٹیڈیم کے داخلی راستے اورگیٹ دلکش منظر پیش کرنے لگے، لاہور روشنیوں میں نہاگیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے، واک تھروگیٹ لگاکرسیکیورٹی اہلکارتعینات کر دیے گئے۔ کھلاڑیوں کو لانے اور لے جانے کیلیے فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی۔

قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی پانچوں ٹیموں کے کپتانوں سرفراز احمد، مصباح الحق، کمار سنگاکارا، ڈیرن سیمی اور برینڈن میکلیم کے قدآورپوسٹر لگا دیے گئے ہیں۔ پارکنگ روٹ بھی اوکے ہوگیا، کسی بھی ناگہانی صورتحال کیلیے ہاکی اسٹیڈیم میں 25 بیڈ کا عارضی اسپتال بنادیا گیا ہے۔ دوسری جانب خواتین نے فائنل والے دن خصوصی کھانے پکانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں نے گزشتہ روز فل ڈریس ریہرسل کی جس میں قذافی اسٹیڈیم اوردیگرسڑکوں پردہشت گردوں کیخلاف ہنگامی مشقوں کاعملی مظاہرہ کیا گیا۔ کھلاڑیوں، آفیشلزاور غیر ملکی مہمانوں کو ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم پہنچانے اور دوبارہ واپس لانے کے تناظر میں مشقیں کی گئیں۔ اس موقع پر وزیر قانون رانا ثنا اللہ، صوبائی وزیرکھیل جہانگیرخانزادہ ، چیف سیکریٹری کیپٹن (ر)زاہد سعید، اعلٰی رینجرز افسران اورپی سی بی سیکیورٹی آفیشلز موجود تھے۔ رانا ثنا اللہ قذافی اسٹیڈیم بھی گئے اورانتظامات کاجائزہ لیا۔

فائنل میچ کیلیے 5درجاتی سیکیورٹی پلان تیارکیاگیا ہے جس کے تحت پاک فوج ، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اسٹیڈیم اور اطراف میںتعینات ہونگے۔ عوام کی سہولت کیلیے سٹی ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری پلان بھی جاری کردیا، گاڑی کی خرابی یا کسی رہنمائی کیلیے ہیلپ لائن نمبر042-1915ہوگی۔

ایڈوائزری پلان کے مطابق قذافی سٹیڈ یم آنے والے شہریوں کیلیے مخصوص مقامات پر پارکنگ کی سہولت ہوگی۔ ایف سی کالج، مسلم ٹاؤن فلائی اوورکے نیچے اور لبرٹی مارکیٹ میں شہریوں کیلئے پارکنگ مختص کی گئی ہے۔ شہری برکت مارکیٹ پارکنگ، ایل ڈی اے پارکنگ پلازہ میں بھی گاڑیاں کھڑی کرسکیں گے۔ پارکنگ اسٹینڈزمیں چنگ چی، آٹو رکشے، ایل پی جی، ایل این جی اور سی این جی گاڑیاں پارک نہیں ہونگی۔

سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیرضروری سفر سے گریز کریں اور رش سے بچنے کیلیے میٹرو بس کا استعمال کریں۔ پنجاب حکومت نے میچ کیلیے خصوصی شٹل سروس شروع کرنیکافیصلہ کیا ہے جس کے تحت ٹکٹ کے حامل افراد کوکارپارکنگ سے گراؤنڈ تک پہنچایا جائیگا۔ محکمہ صحت نے لاہور کے تمام اسپتالوں کو الرٹ رہنے کے احکام جاری کردیے۔ مقامی فائیواسٹار ہوٹل میں بھی6بستروں کااسپتال بنادیاگیا جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی ہدایت پرعملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، ایدھی فاؤنڈیشن کی30ایمبولینسزقذافی اسٹیڈیم اوراطراف میں کھڑی رہیں گی۔

واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اورحدود میں کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کا داخلہ ممنوع قراردیا گیاہے اورسیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات ہے، علاقے میں سرچ اینڈ سویپنگ آپریشن جاری ہے۔ تمام انکلوژرز، سٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں اوردیگر مقامات کی بم ڈسپوزل اسکواڈاور سراغ رساں کتوں کے ذریعے چیکنگ اورہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کی گئی۔ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ فائنل کی افتتاحی اورتقسیم انعامات سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے، قذافی اسٹیڈیم کے دروازے دوپہر3 بجے کھول دیے جائیں گے، اختتامی تقریب شام 6 بجے جبکہ میچ رات 8بجے شروع ہوگا۔ پہلے بتایا گیا کہ اختتامی تقریب میں معروف پاکستانی گلوکار علی ظفراور علی عظمت پرفارم کریں گے جبکہ علاقائی رقص اورڈھول پر فارمنس بھی ہوگی، بعد ازاںعلی ظفر نے مصروفیت کے باعث تقریب میں پرفارم کرنے سے معذرت کرلی۔

علاوہ ازیں غیرملکی نشریاتی کمپنی کا براڈ کاسٹنگ سامان لاہور پہنچ گیا اور گراؤنڈ میں کیمروں اوردیگرآلات کی تنصیب جاری ہے۔ تماشائیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلیے نادرا کی گاڑیاں بھی پہنچ گئیں۔ ڈائرکٹر ایکسائزموٹر برانچ لاہور چوہدری آصف نے فائنل میچ کیلئے پارکنگ ایریاز میں آنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تصدیق کیلئے51 افسروں اور اہلکاروں پر مشتمل 5 ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ ایم ڈی سوئی ناردرن امجد لطیف نے کہاکہ5مارچ کو حفاظتی اقدامات کے پیش نظر قذافی اسٹیڈیم کو گیس کی سپلائی بندہوگی تاہم گھریلو صارفین کو گیس کی سپلائی جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں