وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردیا ہے۔
اسلام آباد کی انتظامیہ نے 14 جنوری کو ہونے والے لانگ مارچ کے شرکا کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے کنٹینر لگانے شروع کردیئے ہیں جبکہ جمعے کی شام سے ڈپلومیٹک انکلیو جانے والی سڑکیں بھی بلاک کردی جائیں گی۔
انتظامیہ نے بلیو ایریا کے تجارتی مراکز کے دکان داروں کو اتوار، پیر اور منگل کے روز دکانیں بند رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہیں اس کے علاوہ متعلقہ اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ جبکہ پولیس کے زیر تربیت اہلکاروں کو بھی فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔