سابق چیرمین اوگراتوقیر صادق کو ابوظہبی سے گرفتار کرلیا گیا ذرائع

توقیر صادق 82 ارب روپے کے فراڈ اسکینڈل میں مطلوب ہیں اور ان کی گرفتاری کا حکم سپریم کورٹ نے دیا تھا

میرے خلاف قائم کیا گیا نیب ریفرنس بالکل بے بنیاد ہے، نیب کی تحقیقات کا حصہ بننے کی کوشش کی مگر نیب نے انکار کردیا،توقیرصادق فوٹو: ٹی ایم این

ذرائع کے مطابق اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق کو انٹر پول کے ذریعے ابوظہبی سے گرفتار کرلیا گیا ہے جنہیں جمعرات کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

اوگرا کے سابق چیرمین توقیر صادق پر82ارب روپے کے فراڈ اسکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دورکنی بنچ کیس کی سماعت کررہا ہے، 2جنوری کو اوگراعملدرآمد کیس کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس جواد ایس خواجہ نے قائم مقام آئی جی پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ وہ ایک ہفتے کے اندرتوقیرصادق کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائیں اوراس بات کی نشاندہی کریں کہ ان کوبیرون ملک فرار کرانے میں کون کون ملوث تھے،جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ ایک شخص غریب عوام کے خون پسینے کے 82ارب روپے ہضم کرگیا اورکوئی اسے پکڑنے والا نہیں۔


سماعت کے دوران قائم مقام آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق چیرمین اوگرا دبئی فرارہوگئے ہیں،توقیرصادق کی گرفتاری کے لئے نیب اور پولیس کی مشترکہ ٹیم متحدہ عرب امارات روانہ کی گئی تھی جبکہ توقیر صادق کے تینوں پاسپورٹ بھی منسوخ کردیئے گئے تھے۔

سوشل ویب سائٹس پرتوقیر صادق نے دعویٰ کیا کہ وہ بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف نیب ریفرنس بالکل بے بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نیب کی تحقیقات کا حصہ بننے کی کوشش کی مگر نیب نے انکار کردیا۔

 
Load Next Story