افغانستان سے حملہ 5 فوجی شہید جوابی کارروائی میں 15 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد بھی مارے گئے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک March 06, 2017
شہدا کی نمازجنازہ پشاور گیریژین میں ادا کردی گئی- فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں نے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کیے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیا تاہم دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں 5 اہلکار شہید ہو گئے جب کہ فوج کی جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق رات گئے افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں 3 پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کئے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے موثر نگرانی کے عمل کے باعث ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائیک ثناء اللہ، نائیک صفدر، سپاہی الطاف، سپاہی نیک محمد اور سپاہی انور شامل ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مہمند ایجنسی حملے میں فوج کی جوابی کارروائی میں 15 دہشتگرد ہلاک





مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 5 جوانوں کی نمازجنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق نماز جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل ہدایت الرحمان سمیت عسکری حکام شریک ہوئے جب کہ شہدا کے جست خاکی کو تدفین کے لیے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا جہاں انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔



اس خبر کو بھی پڑھیں: پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر سرحدپار سے کیا گیا حملہ ناکام

دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں 3 پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کیے جس پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور اس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ 15 دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے کی گئی کارروائی میں 6 اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات ہیں، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کچے باجوڑی، زارمحمد عرف مدنی، حذیفہ، سنگارے، لخکڑی اور سنگین نامی دہشت گرد شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کسی دہشت گرد کو معاف نہیں کرے گی۔



علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کو سراہا اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں اور سرحد پر افغانستان کی جانب سے موثر سیکیورٹی کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں کی آزادانہ آمدورفت کو روکا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں