شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائلوں کے مزید 4 تجربات کرلیے

چاروں بیلسٹک میزائلوں نے 1000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور ان میں سے 3 جاپانی حدود میں گرے


ویب ڈیسک March 06, 2017
چاروں بیلسٹک میزائلوں نے 1000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جبکہ ان میں سے تین جاپانی حدود میں خصوصی معاشی علاقے میں گرے۔ (فوٹو: فائل)

شمالی کوریا نےسمندر میں تجرباتی طور پر چار بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں جن میں سے تین جاپان کی سمندری حدود میں گرے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق تجرباتی طور پر فائر کیے گئے ان چاروں میزائلوں نے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جبکہ ان میں سے تین جاپانی سمندری حدود میں واقع خصوصی معاشی علاقے (ایکسکلیوسیو اکنامک زون) میں گرے جس پر جاپان نے شمالی کوریا سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ان تجربات پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے نے انہیں علاقائی امن کےلیے خطرے کی نئی علامت قرار دیا ہے جبکہ دوسری جانب جنوبی کوریائی افواج کے مطابق یہ تجرباتی میزائل شمال میں چینی سرحد کے قریب واقع 'ٹونگ چانگ ری' کے علاقے سے فائر کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا ایک تجربہ کیا تھا جس کے بارے میں اس کا دعوی تھا کہ یہ ایک نئی قسم کا بیلسٹک میزائل تھا،امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں 'فول ایگل' پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شمالی کوریا نے اس کے جواب میں بیلسٹک میزائل کے تجربات کی دھمکی دی تھی۔

امریکی فوجی ذرائع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے ان میزائلوں سے شمالی امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں البتہ اس طرح کے تجربات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو بڑھاوا دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں