چھوٹی اسکرین یا سونے کی کان

بولی وڈ سپر اسٹارز ریئلٹی شوز سے کروڑوں کمارہے ہیں


Muhammad Imran July 30, 2012
بولی وڈ سپر اسٹارز ریئلٹی شوز سے کروڑوں کمارہے ہیں۔ فائل فوٹو

KARACHI: امیتابھ بچن نے بولی وڈ میں کئی رحجانات کو جنم دیا ہے۔آج اگر فلمی ستارے ٹیلی ویژن پروگراموں کی میزبانی کرتے نظر آرہے ہیں تو اس کا سہرا بگ بی کے سر جاتا ہے۔ ہندوستان میں 2000ء سے پہلے ٹیلی ویژن پر فلم اسٹارز کے باقاعدہ کام کرنے کاکوئی تصور نہیں تھا۔ امیتابھ بچن بولی وڈ کی تاریخ کے وہ پہلے بڑے اداکار تھے جنھوں نے ''کون بنے گا کروڑ پتی'' کی میزبانی کی صورت میں مِنی اسکرین پر باقاعدہ کام کا آغاز کیا۔

اس سے قبل سلوراسکرین کے نام ور اداکار ٹیلی ویژن پروگراموں میں صرف بہ طور مہمان ہی شرکت کرتے تھے۔ ''کون بنے گا کروڑ پتی''نے بھارتی عوام میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کیے۔ اس طرح جہاں اس پروگرام سے امیتابھ بچن نے بولی وڈ میں ایک نئے رحجان کو جنم دیا وہیں منی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کا اقدام خود ان کے لیے بھی بے حد سود مند ثابت ہوا۔ امیتابھ بچن نے جن دنوں اس پروگرام میزبانی قبول کی تھی، ان دنوں وہ مالی مشکلات سے دوچار تھے۔ اور کروڑوں روپے کے مقروض ہوچکے تھے۔

امیتابھ بچن کی میزبانی میں''کون بنے گا کروڑ پتی'' کی فقیدالمثال کامیابی نے بتدریج دیگر فلمی ستاروں کو بھی چھوٹی اسکرین کی طرف مائل کیا اور آج بولی وڈ کے 32اداکار و فلم ساز ٹیلی ویژن پر مختلف پروگراموں کی میزبانی کررہے ہیں یا ان پروگراموں میں جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ منی اسکرین پر فلمی دنیا کے صف اول کے اداکاروں کی بڑھتی ہوئی دل چسپی کا سبب انھیں ملنے والا خطیر معاوضہ ہے۔ کئی سپر اسٹارز چھوٹی اسکرین پر صرف ایک دن کی شوٹنگ سے اتنا کمالیتے ہیں جو انھیں کئی ماہ تک ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف رہنے کے بعد بھی حاصل نہیں ہوتا۔

امیتابھ بچن نے''کون بنے گا کروڑ پتی'' کے پانچویں، چھٹے اور ساتویں سیزن کی میزبانی کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب بھارتی روپے معاوضہ لیا تھا۔ یہ پڑھ کر آپ یقیناً حیران رہ گئے ہوں گے! اتنی رقم بگ بی کو شاید بیس فلموں میں اداکاری کرنے کے بعد بھی نہ مل پاتی۔ ایک معروف بھارتی اخبار نے چھوٹی اسکرین پر مصروف کار بڑے اداکاروں کے معاوضوں کی تفصیل حال ہی میں شائع کی جس کا تذکرہ آپ کے لیے یقیناً دل چسپی کا حامل ہوگا۔

بولی وڈ کے سپر اسٹارز اور ہردل عزیز اداکار سلمان خان اس وقت چھوٹی اسکرین پرسب سے زیادہ معاوضہ لے رہے ہیں۔ ''بگ باس'' کے چھٹے سیزن کے لیے ان کا یومیہ معاوضہ سوا تین کروڑ روپے ہے۔ یہ پروگرام رواں سال اکتوبر سے نشر کیا جائے گا۔ عامر خان اپنے پروگرام ''ستیے میو جیتے''کے لیے ایک دن کی شوٹنگ کا معاوضہ تین کروڑ روپے لے رہے ہیں۔ شاہ رخ کو بولی وڈ کا کنگ کہا جاتا ہے لیکن چھوٹی اسکرین پر ان کی مقبولیت سلمان اور عامر سے کم ہے، جس کا اندازہ ان کے معاوضے سے ہوتا ہے۔

گذشتہ برس کے اوائل میں رئیلٹی گیم شو '' زور کا جھٹکا: ٹوٹل وائپ آؤٹ'' کی میزبانی کے لیے شاہ رخ خانے نے دو کروڑ روپے یومیہ وصول کیے تھے۔ ہندی فلم انڈسٹری کے ایک اور سپراسٹار ریتھک روشن نے ڈانس ریئلٹی شو ''جسٹ ڈانس'' کے پہلے سیزن اور اکشے کمار نے ''خطروں کے کھلاڑی'' کے چوتھے سیزن کی میزبانی کے لیے ٹیلی ویژن چینل سے بالترتیب دو اور ڈیڑھ کروڑ روپے یومیہ کے عوض معاہدہ کیا تھا۔ اس طرح منی اسکرین سپراسٹارز کے لیے سونے کی کان بن گئی ہے جس سے وہ اپنی اپنی مقبولیت کی مناسبت سے حصہ وصول کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں