صوابی میں فورسز کے آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک کیپٹن اور سپاہی شہید

مارے گئے دہشت گردوں میں سے 3 کی شناخت ماجدعرف خالد، یوسف عرف چھوٹا خالد اور جواد کے نام سے ہوئی ہے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک March 07, 2017
ملک میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن بھی مکمل اہداف کے حصول تک جاری رہے گاِ آئی ایس پی آر فوٹو: فائل

صوابی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجد شہید جب کہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوابی کےعلاقے ملک آباد میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا تو ایک کمپاؤنڈ میں چھپے دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجد شہید ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کرلیا گیا اور جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔





آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں سے 3 کی شناخت ماجدعرف خالد، یوسف عرف چھوٹا خالد اور جواد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ 2 کی شناخت نہیں ہوسکی، نامعلوم 2 دہشت گرد افغان ہو سکتے ہیں، ماجد کا تعلق تحریک طالبان پاکستان صوابی چیپٹر سے تھا جب کہ یوسف اور جواد ملک آباد کے رہائشی ہیں۔





دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن جنید اور سپاہی امجد کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی ہے جس میں پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر اور کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ سمیت دیگر اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق شہدا کے جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا ہے جہاں انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔



آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن کے دوران فوجی اہلکاروں کی شہادت پر پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کو نہ صرف ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا بلکہ ان کو فساد پھیلانے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مہمند ایجنسی میں 15 دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ملک میں دہشت گردی کے واقعات ایک مرتبہ پھر بڑھ گئے ہیں جس کے بعد دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن رد الفساد شروع کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |