بیمار صنعتوں کے قرضے ری شیڈول کرنے پر غور

وزارت ٹیکسٹائل نے بیماریونٹس کوری اسٹرکچرکرکے فعال بنانے کیلیے رپورٹ تیارکرلی


Irshad Ansari March 08, 2017
کاٹن لیب میرپورخاص کی بحالی وپنجاب منتقلی، ٹیکسٹائل پالیسی،پیکیج،پی سی سی سی کی ری اسٹرکچرنگ پربھی بات ہوگی،دستاویز ۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

SRINAGAR: وفاقی حکومت نے ڈیڑھ ہزار کے لگ بھگ بیمار صنعتی یونٹس کے قرضے ری شیڈول اور انھیں ری اسٹرکچر کرکے فعال بنانے کی تجویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی و فروغ کے لیے ٹیکسٹائل پالیسی پر نظر ثانی کرنے کے ساتھ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں مزید اقدامات کا بھی اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت ٹیکسٹائل کی جانب سے ملک بھر میں بیمار صنعتی یونٹس کے بارے میں جامع رپورٹ تیار کی گئی ہے جوبدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل کے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں استعمال ہونے والے بنیادی خام مال روئی کی پیداوار و معیار بڑھانے کے لیے بھی اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میرپورخاص میں قائم کاٹن ٹیسٹنگ لیبارٹری بند پڑی ہوئی ہے، حکومت میرپور خاص میں قائم اس کاٹن ٹیسٹنگ لیبارٹری کو آپریشنل کرنے یا اسے پنجاب میں منتقل کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویزکے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل کا اجلاس بہت اہم ہے، اس میں 5 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائیگا جس میں ٹیکسٹائل پیکیج پر عملدرآمد اور اس کے اثرات پرغور سرفہرست ہے، پیکیج پربریفنگ دی جائے گی اور شرکا کو بتایا جائیگا کہ پیکیج کے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پیداوار اور برآمدات میں کتنا اضافہ ہوا ہے،اجلاس میں ٹیکسٹائل پالیسی کا بھی جائزہ لیا جائیگا اوراس کے تحت حکومتی کامیابی کا بتایا جائے گا، پالیسی کے منفی پہلوؤں پر غور ہوگا،اجلاس میں بیمار صنعتی یونٹس کے قرضے ری شیڈول کرنے پر بھی غور بات ہوگی تاکہ ان یونٹس کی ری اسٹرکچرنگ ہوسکے اور انہیں آپریشنل بنایا جاسکے تاکہ یہ ملکی برآمدات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

ذرائع کے مطابق بیمار صنعتی یونٹس کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے، میرپورخاص میں قائم کاٹن ٹیسٹنگ لیبارٹری کے بند ہونے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئیں گے اور اس لیبارٹری کو آپریشنل بنانے اور اس کی پنجاب منتقلی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوگا،اجلاس میں وزارت ٹیکسٹائل کی جانب سے پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی(پی سی سی سی) کی ری اسٹرکچرنگ کے بارے میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں