صوابی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کو گزشتہ رات انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کے دوران مارا گیا، سیکیورٹی ذرائع

سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاع پر صوابی کے علاقے باجہ زئی بائی میں کارروائی کی۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

صوابی میں گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے بعد سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاع پر صوابی کے علاقے باجہ زئی بائی میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جب کہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : صوابی میں فورسز کے آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن اور سپاہی شہید


ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں آج صبح باجہ زئی بائی پاس کے قریب سے ملیں جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جبکہ سیکیورٹی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ لاشیں دہشت گردوں کی ہیں جنہیں گزشتہ رات کارروائی میں ہلاک کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : آپریشن رد الفساد کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوابی کےعلاقے ملک آباد میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا تو ایک کمپاؤنڈ میں چھپے دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجد شہید ہو گئے، واقعے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کرلیا گیا اور جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
Load Next Story