افغانستان میں فوجی اسپتال پر حملے میں 30 افراد ہلاک اور 70 زخمی

حملے کے بعد فورسز کے 6 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن میں 4 حملہ آور مارے گئے


ویب ڈیسک March 08, 2017
حملے کے بعد فورسز کے 6 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن میں 4 حملہ آور مارے گئے، فوٹو؛ رائٹرز

لاہور: افغانستان کے دارالحکومت میں امریکی سفارتخانے کے قریب ملٹری اسپتال پر دہشت گردوں کے حملے میں 30 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہو گئے جب کہ فورسز کے آپریشن میں 4 حملہ آور مارے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے کے قریب ملک کے سب سے بڑے سردار داؤد خان ملٹری اسپتال پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہو گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق پہلے اسپتال کے گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد ڈاکٹرز کا روپ دھارے دہشت گرد اسپتال میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کابل میں سپریم کورٹ کے باہر خودکش حملہ، 20 افراد ہلاک

دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے اسپتال اور ارد گرد کے علاقے کا گھیراؤ کرکے آپریشن شروع کردیا جو 6 گھنٹے تک جاری رہا، فورسز کے طویل آپریشن کے نتیجے میں 4 حملہ آور ہلاک ہوگئے جن کے پاس سے بھاری ہتھیار برآمد ہوئے جب کہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

دوسری جانب پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے بھی کابل حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزراتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سمیت عالمی برادری سے تعاون جاری رکھے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں