صدر کی ہدایت پرسندھ میں 8 ہزار ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ

پی آئی اے کے کم تنخواہ والے ملازمین کیلیے گلستان جوہر اسکیم نمبر 36کو 10ایکڑ زمین 7کروڑ فی ایکڑ کے حساب سے الاٹ کی گئی


Staff Reporter January 10, 2013
صدر زرداری کی ہدایت پر دیہہ مائی گھاری میں100 ایکڑ زمین دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر سندھ میں مختلف تعلیمی ، فلاحی اور سرکاری اداروں کو ساڑھے8 ہزار ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی ہے یا الاٹمنٹ کیلیے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی ہے۔

یہ بات بورڈ آف ریونیو سندھ کی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق یہ اراضی لینڈ گرانٹ پالیسی کے تحت دی گئی ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے قیام کیلیے200 ایکڑ اراضی مارکیٹ ریٹ کے 50 فیصد یعنی ایک لاکھ 30 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے تعلیمی مقصد کے لیے دی گئی ۔ قائد عوام یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لاڑکانہ کے قیام کیلیے350 ایکڑ اراضی مفت دی گئی ۔

انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ زون لاڑکانہ کے قیام کے لیے مارکیٹ ریٹ کے 25فیصد پر500ایکڑ اراضی ایک لاکھ 30 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے دی گئی ۔کراچی میں مسلح افواج اور حکومت کے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ کو رہائشی پلاٹس دینے کی غرض سے دیہہ ناگن میں300 ایکڑ اراضی مفت الاٹ کی گئی ۔اسی طرح حیدر آباد میں دیہہ گنجو ٹکر میں مسلح افواج اور حکومت کے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو رہائشی پلاٹ دینے کیلیے100 ایکڑ اراضی مفت فراہم کی گئی،کراچی کے دیہہ منڈیاری میں غریب لوگوں کو پلاٹس کی فراہمی کیلیے1000ایکڑا اراضی مختص کی گئی ۔

دھابیجی(ٹھٹھہ)میں ایک جرمن کمپنی ایزر(AZUR)کوسولر انرج پروجیکٹ کے تنصیب کیلیے150ایکڑ اراضی مارکیٹ ریٹ کے 25فیصد پر 35ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے دینے کیلیے اسکروٹنی کمیٹی نے سفارش کی ہے ۔ اس ضمن میں سمری چیف منسٹر سندھ کو ارسال کی گئی ہے ۔ ٹھٹھہ کے علاقہ جان آباد میں50میگاواٹ ونڈ فارم کے قیام کے لیے سندھ بورڈ آف ریونیو اور میسرز ٹرانس اٹلانٹک انرجی کو 1000 ایکڑ اراضی دینے کی سفارش کی گئی ۔ اس اراضی کی قیمت تین اقساط میںوصول کی جائے گی ۔اس حوالے سے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس موجود ہے ۔ضلع ٹھٹھہ کے علاقہ جھمپیر میں ونڈپاور پروجیکٹ کیلیے سندھ بورڈ آف انویسمنٹ اور ایران پاک انرجی ونڈکو1250ایکڑ اراضی دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔

16

وزیر اعظم کی ہدایت پر کیماڑی ٹاؤن کراچی میں 300 بستروں کے اسپتال کے ساتھ ٹراما سینٹرکے قیام کیلیے 100ایکڑ اراضی مارکیٹ ریٹ کے 50فیصد پر 40لاکھ روپے میں الاٹ کی گئی ۔کینجھر جھیل کے اردگرد محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ کو مارکیٹ ریٹ سے25فیصد پر صنعتی مقاصد کیلیے1220ایکڑ اراضی دی گئی ۔اس میں سے1000ایکڑ اراضی دیہہ کوہستان میں4لاکھ روپے فی ایکڑ کے حساب سے120ایکڑ اراضی دیہہ ہالیجی میں6لاکھ روپے فی ایکڑ کے حساب سے جبکہ 100ایکڑ اراضی دیہہ کوہستان میں6لاکھ روپے فی ایکڑ کے حساب سے دی گئی ۔پی آئی اے کے کم تنخواہ والے ملازمین کے لیے شہید بے نظیر بھٹو ٹاؤن شپ اسکیم گلستان جوہر اسکیم نمبر 36کو 10ایکڑ زمین مارکیٹ ریٹ کے 25فیصد پر7کروڑ فی ایکڑ کے حساب سے الاٹ کی گئی ۔

بن قاسم ٹاؤن میں شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کیلیے دیہہ جوڈیجی میں100 ایکڑ زمین مارکیٹ ریٹ کے 50فیصد نرخ پر دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔دادو میں محترمہ بے نظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے قیام کیلیے25ایکڑ اراضی دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔سندھ مدرسۃ الاسلام کے پرنسپل ڈاکٹر محمد علی شیخ کے درخواست پر ایجوکیشن سٹی کے قیام کیلیے100،ایکڑ اراضی دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

نواب شاہ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فیلڈ آفس کی تعمیر کیلیے 4285 ، مربع گز زمین ،300بستروں کے میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کیلیے14ایکڑ اراضی ، ریونیو کالونی کی تعمیر کیلیے17 ایکڑ ، اینٹی اسنیک وینوم اور اینٹی ریبیز سبرولوجی لیبارٹری کیلیے100 ایکڑ اراضی ، نادرا آفس کی تعمیر کے لیے600مربع گز،پاکستان نیوی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سینٹر کے قیام کے لیے سوا ایکڑ، ماڈل اسکول دوڑ کے لیے85000مربع گز اور تعلقہ دوڑ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی تعمیر کیلیے ایک ایکڑ زمین دی گئی ہے ۔اسی طرح لاڑکانہ ضلع کے 8منصوبوں کے لیے بھی زمین دی گئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق نیوٹرک اسٹینڈ کراچی کیلیے صدر زرداری کی ہدایت پر دیہہ مائی گھاری میں100 ایکڑ زمین دینے کی سفارش کی گئی ہے اور زمین کی قیمت30 لاکھ روپے فی ایکڑ مقرر کی گئی ہے ۔ہاکس بے کراچی میں لیاری کیلیے کاٹیج انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلیے100ایکڑ اراضی دیہہ موچکو میں دے دی گئی ہے ۔اسی طرح لیاری کیلیے اسپیشل انڈسٹریل زون کے قیام کے لیے بھی دیہہ موچکو میں مزید100ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی ہے ۔لیاری کے لوگوں کیلیے اسپیشل ہاؤسنگ اسکیم کے قیام کی غرض سے بھی دیہہ موچکو میں 100ایکڑ اراضی دی گئی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں