شاہ زیب قتل کیس ملزم شاہ رخ جتوئی کو پاکستان لانے میں مشکلات کا سامنا

متحدہ عرب امارات سے تحویل مجرمان معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے شاہ رخ کو پاکستان لانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

وزارت داخلہ نے ملزم کے پاسپورٹ منسوخ کردیئے ہیں تاکہ یو اے ای حکام ملزم کو پاکستان ڈیپورٹ کر دیں۔ فوٹو: اطہر خان/ ایکسپریس ٹریبیون

متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تحویل مجرمان کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم کو ملک میں واپس لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پولیس کی ٹیم شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری کے لئے متحدہ عرب امارات میں موجود ہے تاہم دونوں ملکوں کے درمیان تحویل مجرمان معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے اسے گرفتار کرکے پاکستان کی عدالت میں پیش کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


شاہ رخ جتوئی کو واپس لانے کے لئے پولیس کی سفارش پر وزارت داخلہ نے ملزم کے دونوں پاسپورٹس منسوخ کردیئے ہیں تاکہ متحدہ عرب امارات کے حکام ملزم کو پاکستان ڈیپورٹ کر دیں اور اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا اس کے علاوہ کراچی کی مقامی عدالت نے بھی شاہ رخ اور اس کے والد سکندر جتوئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔
Load Next Story