ایف بی آر 1 لاکھ نان فائلر ود ہولڈنگ ایجنٹس کا بھی آڈٹ کرے گا

فیصلہ پہلی ودہولڈنگ کمشنرزکانفرنس میں کیا گیا، ٹیکس اسٹیٹمنٹس جمع کرانے سے مسلسل گریز کررہے تھے

آرٹی اوز وایل ٹی یوزسے انکم وسیلزٹیکس دونوں نان فائلر ودہولڈنگ ایجنٹس کی فہرستیں بھی مانگ لی گئیں،دستاویز۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے عام ٹیکس دہندگان کے بعد اب ود ہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس جمع نہ کرانے والے 1لاکھ ہزار سے زائد ود ہولڈنگ ایجنٹس کو بھی نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ماتحت اداروں کو نان فائلرز کی فہرستیں مرتب کرکے ایف بی آر کو بھجوانے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس جمع نہ کرانے والے ودہولڈنگ ایجنٹس کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ فروری کے آخری عشرے میں ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ پہلی ود ہولڈنگ کمشنرز کانفرنس میں کیا گیا، ایف بی آر رسک بیسڈ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے 93ہزار سے زائد ٹیکس دہندگان، ٹیکس ایئر 2016 کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 2لاکھ سے زائد افراد کو بھی نوٹس جاری کرچکا ہے اور اب ودہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس جمع نہ کرانے پر مزید 1لاکھ نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جن 1لاکھ کے لگ بھگ نان فائلر ودہولڈنگ ایجنٹس کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دونوں ود ہولڈنگ ایجنٹس شامل ہیں، اس وقت ملک بھر میں کم وبیش ڈھائی لاکھ ودہولڈنگ ایجنٹس ہیں جن میں رجسٹرڈ انکم ٹیکس ودہولڈنگ ایجنٹس کی تعداد ڈیڑھ لاکھ ہے جس میں وفاقی و صوبائی حکومتیں، ان کے ماتحت ادارے ومحکمے، کمپنیاں، ایسوسی ایشن آف پرسنز اور انفرادی ٹیکس دہندگان شامل ہیں۔


ذرائع کے مطابق ان میں سے 1لاکھ کے لگ بھگ ایسے ود ہولڈنگ ایجنٹس ہیں جو مسلسل ود ہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس جمع نہیں کرارہے اور انہیں ہی آڈٹ کے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹیکس بچانے کے لیے اپنی آمدنی چھپانے والوں،کم ٹیکس دینے والوں اور ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، ود ہولڈنگ ایجنٹس کے خلاف کارروائی بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے۔

علاوہ ازیں ایف بی آر کے نئے چیئرمین ڈاکٹر ارشاد نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ودہولڈنگ ٹیکس سیکٹر کو اہمیت دی اور ودہولڈنگ کمشنرز کی پہلی کانفرنس بلائی جس میں ود ہولڈنگ سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے جبکہ ودہولڈنگ ایجنٹس کی ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کا فیصلہ بھی اسی کانفرنس میں کیا گیا۔

'ایکسپریس' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ریجنل ٹیکس آفسز(آر ٹی اوز)اور لارج ٹیکس پیئر یونٹس (ایل ٹی یوز)کے چیف کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ود ہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس جمع نہ کرانے والے ود ہولڈنگ ایجنٹس کی فہرستیں مرتب کرکے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کو بھجوائی جائیں اور نان فائلر ود ہولڈنگ ایجنٹس کو بلک میں نوٹس جاری کیے جائیں، ود ہولڈنگ ایجنٹس کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کی شق 161 اور شق 205کے تحت آڈٹ نوٹس جاری کرکے ان سے ٹیکس وصولی کے لیے ڈیمانڈ بھی کی جائے اور آڈٹ میں کی جانے والی ٹیکس ڈیمانڈ کی ریکوری کے لیے بھی آرڈر جاری کیے جائیں۔ دستاویز کے مطابق ماتحت اداروںکو ٹیکس دہندگان کے آڈٹ میں ٹیکس ڈیمانڈ کے درست تعین اور تیز ترین ریکوری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
Load Next Story