ISLAMABAD:
لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ینگ ڈاکٹرز نےمختلف اسپتالوں کے باہر پر احتجاج کیا اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
ینگ ڈاکٹرز نے لاہور کے مختلف اسپتالوں کے باہر سڑک پر احتجاج کیا اورمطالبہ کیا ہے کہ سروس اسٹرکچر نافذ اور گوجرانوالہ واقعے میں سینئر ڈاکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، ینگ ڈاکٹرز نے جیل روڈ پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی۔
لاہور کے میو اسپتال میں احتجاج کے دوران ینگ ڈاکٹرز اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا، ینگ ڈاکٹر زبردستی وارڈز میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم پولیس نے انہیں روک دیا، جب کہ جناح اسپتال میں ایڈمن بلاک کے باہر ینگ ڈاکٹرز نے احتجاجی ریلی نکالی اور سڑک تک پہنچنے تک جاری رکھا۔
دوسری جانب فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز نے گوجرانوالہ میں ڈاکٹرز کی گرفتاری کے خلاف ریلی نکالی، ریلی الائیڈ اسپتال سے شروع ہوئی اور جیل روڈ سے ہوتی ہوئی پنجاب میڈیکل کالج پہنچ کر ختم ہوئی، ریلی کے شرکا نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی میں خواتین ینگ ڈاکٹرز کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔
واضح رہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے تمام اسپتالوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔