پی ایچ ڈی کیلیے بیرون ملک اسکالرشپ کا منصوبہ

اسکالرز کی تعداد7 سے15ہزارکی جائے گی،تخمینہ ڈیڑھ ارب روپے لگایاگیاہے،ذرائع

اگلے 10 سال میں 20 ہزارپی ایچ ڈی اسکالر تیار کرنے کا منصوبہ، ضرورت 30 ہزار ہے۔ فوٹو: فائل

حکومت نے وژن 2025 کے تحت رواں سال پی ایچ ڈی اسکالرز کی تعداد 7 سے 15 ہزار کرنے کیلیے بیرون ملک اسکالرشپ کا منصوبہ شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے جس کیلیے تخمینہ لاگت ڈیڑھ ارب روپے لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اس وقت 11 ہزار پی ایچ ڈی اسکالرز خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ پاکستان کو30 ہزار اسکالرز کی بطور فیکلٹی ممبران ضرورت ہے، پاک امریکا نالج کوریڈور کے تحت اگلے10 سال میں مزید20 ہزار پی ایچ ڈی تیار کیے جائیں گے۔


امریکا کے ساتھ فل برائٹ اسکالرشپ معاہدے کے تحت 850 اسکالرشپ پاکستانی طلبا کو فراہم کی گئی ہیں، ترکی نے 200، آسٹریلیا نے350 اسکالرشپ دی ہیں، کوئین میری کالج نے 250، ہنگری نے 480 اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے متعلقہ ممالک اور جامعات کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کرلیے ہیں جبکہ پاکستان نے بھی 2 ہزار افغان طلبا کومیڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبے میں اسکالرشپ دی ہیں۔

واضح رہے کہ اگلے 10 سال میں 20 ہزار نئے پی ایچ ڈی اسکالر تیارکرنے کیلیے امریکا، ترکی، آسٹریلیا، کوئین میری، ہنگری و دیگر ممالک سے اسکالرشپ کے حصول کیلیے کام شروع کر دیا گیا۔
Load Next Story