ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے پاکستان

بحرہند کو ایٹمی بنانے کی بھارتی کوششوں پر خطے کے تمام ممالک کو تشویش ہے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک March 09, 2017
بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی کو سرگرم رکھتا ہے، نفیس زکریا۔ فوٹو: فائل

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہے لیکن اپنی سلامتی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں پاکستان کے لیے باعث تشویش ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی کو سرگرم رکھتا ہے، دسمبر 2016 سے ایل او سی کی 14 سو بلا اشتعال خلاف ورزیاں کی گئیں، ان میں اب تک 4 سو سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔

کل بھوشن یادیو کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بلوچستان سے گرفتار 'را' کا ایجنٹ کل بھوشن یادیو بھارتی بحریہ کا حاضر سروس آفیسر ہے، اس حوالے سے معاملہ بھارتی حکام سے اْٹھا رکھا ہے لیکن تاحال بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا، کل بھوشن یادیو کے معاملے پر وزارت داخلہ معاملات کو دیکھ رہی ہے، کلبھوشن یادیو سے کونسلر رسائی کا جواب وزرات داخلہ دے سکتی ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں افغان قیادت کی عدم شرکت پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ای سی او اجلاس کا ایک اہم نتیجہ ویژن 2025 کی صورت میں سامنے آیا اور رکن ممالک نے ترقی، خوشحالی اور روابط پر اتفاق کیا افغانستان ایک خودمختار ملک اور اپنے فیصلوں میں آزاد ہے لیکن افغانستان کو اقتصادی تعاون کی تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنا چاہئے تھی۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا میں اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار بن گیا ہے، نیشنل سپلائزر گروپ کو بھارت کی اس روش کو دیکھنا چاہئے، توقع ہے این ایس جی میں بھارت کو امتیازی رعایتوں پر نظر ثانی کی جائے گی، بحر ہند کو ایٹمی بنانے کی بھارتی کوششوں پر خطے کے کئی ممالک کو تشویش ہے، امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ ان کا باہمی معاملہ ہے لیکن اگر کسی بھی معاہدے کا اثر پاکستان پر پڑے گا تو اس پر ہم خدشات بھی ظاہر کریں گے، ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافہ سے خطے میں امن متاثر ہو گا، پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہے لیکن اپنی سلامتی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں