ریویو تنازع توپوں کا رخ آئی سی سی کی جانب موڑ دیا گیا

معاملے پر مٹی ڈال کر کونسل نے انارکی پھیلانا چاہی، آسٹریلوی میڈیا کا الزام


Sports Desk/AFP March 10, 2017
اسمتھ جیسی حرکت ہمارا پلیئرکرے تواسے بھی کچھ نہ کہیں، سابق بھارتی کرکٹرز۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا اور بھارت نے اپنی توپوں کا رخ آئی سی سی کی جانب موڑ دیا۔

بنگلور ٹیسٹ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کا ریویو میں مددکیلیے ڈریسنگ روم کی جانب دیکھنے کا تنازع بڑھتا ہی جارہا ہے۔ گذشتہ روز آئی سی سی نے اپنے بیان میں واضح کردیا تھا کہ ویرات کوہلی اور اسمتھ کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی،دونوں ٹیموں باقی سیریز پر توجہ دیںجبکہ کپتانوں کی میٹنگ کرائی جائے گی۔اس بیان کے بعد دونوں فریقین کی توپوں کا رخ اب کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب ہوگیا۔

ادھر بھارت کے سابق وکٹ کیپر صبا کریم نے کہاکہ آئی سی سی نے اپنی پریس ریلیز میں کوہلی کا نام ہی کیوں لیا، انھوں نے تو صرف حریف کپتان کی ایک غلط حرکت کا بتایا تھا۔

سابق اوپنر چیتن چوہان نے کہا کہ مجھے آئی سی سی کے فیصلے پر کافی حیرت ہوئی، پورا یقین ہے کہ اور بھی بہت سے لوگوں کو اس سے صدمہ پہنچا ہوگا کیونکہ اسمتھ کا اشارہ واضح تھا، ایک اور سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر نے کہاکہ میں بھی بھارتی ٹیم سے کہوں گا کہ وہ مہمان کپتان جیسے ہی حربے استعمال کریں۔ اب اگر ہمارا کوئی کھلاڑی ڈریسنگ روم کی جانب دیکھے تو پھر اسے بھی کچھ مت کہا جائے۔

علاوہ ازیں آسٹریلیا کے سابق کرکٹرز اسٹیووا اور مائیکل کلارک نے اپنے ہی ملکی کپتان کی حرکت کو غلط قرار دیا، البتہ آسٹریلوی میڈیا نے آئی سی سی پر الزام لگایاکہ اس نے معاملے پر کوئی ایکشن نہ لے کر کھیل کو انارکی کی جانب دھکیلا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں