مسلسل 10 فتوحات کے ساتھ افغانستان کا ٹی ٹوئنٹی میں نیا ریکارڈ

افغانستان نے آئر لینڈ کے خلاف 17 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ اعزازحاصل کیا۔


Sports Desk March 10, 2017
افغانستان نے آئر لینڈ کے خلاف 17 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ اعزازحاصل کیا ۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD: افغانستان نے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں مسلسل 10 فتوحات سمیٹتے ہوئے ریکارڈ بنا ڈالا انہوں نے آئر لینڈ کے خلاف 17 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ اعزازحاصل کیا۔

افغانستان نے 8 وکٹ پر 184 رنز بنائے، نجیب ترکئی نے 58 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے، محمد نبی 34 اور کریم جنت 20 رنز بنا سکے۔ بیری میکارتھی نے 4 جب کہ اسٹوارٹ تھامپسن اور جیکب مولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبرکو بھی پڑھیں :ایمی سیٹرویتھ نےسنگاکارا کا عالمی ریکارڈ برابرکردیا

آئر لینڈ نے 6.1 اوورز میں 2 وکٹ پر 53 رنز بنائے اور میچ پر اس کی گرفت مضبوط تھی کہ اچانک بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے کافی دیر تک میچ رکا رہا، بارش تھمنے پر آئر لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 11 اوورز میں 111 رنز کا ہدف دیا گیا لیکن ردھم ٹوٹنے کی وجہ سے کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور آئر لینڈ 9 وکٹ پر 93 رنز ہی بنا پائی۔ پال اسٹرلنگ 34 اور ولیم پورٹر فیلڈ 22 ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہو سکے۔ افغانستان کی جانب سے لیگ اسپنر راشد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ کریم جنت نے 3 جب کہ شاپور زردان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نجیب ترکئی اور راشد خان مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ اس فتح کے ساتھ افغانستان کو 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :روانڈا کی خاتون کرکٹر نے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

افغانستان مسلسل 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ مسلسل 8 فتوحات کے ساتھ یہ اعزاز انگلینڈ کے پاس تھا، اس کے علاوہ آئرلینڈ بھی مسلسل 8 میچز جیت چکی ہے، جب کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان نے لگاتار7,7 فتوحات سمیٹی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں