غازی عبدالرشید قتل کیس پرویزمشرف کی سکیورٹی کے لئے ایک اوردرخواست دائر

وزارت داخلہ کے بجائے دفاع کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے، وکیل پرویز مشرف کی عدالت میں استدعا


ویب ڈیسک March 11, 2017
غازی عبدالرشید قتل کیس کی مزید سماعت 21 مارچ کو ہوگی، فوٹو: فائل

سابق صدرپرویز مشرف کی وطن واپسی پرسکیورٹی کے لئے ایک اوردرخواست دائر کی گئی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں سابق صدرپرویز مشرف کے خلاف غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے پرویزمشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے معاملے میں رپورٹ جمع نہ کرانے پربرہمی کا اظہار کیا۔

پرویزمشرف کے وکیل نے اپنے موکل کی سکیورٹی کے لئے ایک اوردرخواست دائرکرتے ہوئے عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا کہ انہوں نے اپنے موکل سے دبئی میں ملاقات کی، وہ واپس وطن آنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہیں سیکیوٹی درکارہے، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ سکیورٹی فراہم کرنا عدالت کا کام نہیں، سیکیورٹی سے متعلق پہلے ہی فیصلہ دے چکے، اب مزید بات نہیں سن سکتے، جس پرسابق صدر کے وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں، اس لیے وزارت دفاع کوسکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔

عدالت نے وزارت داخلہ کوجواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت تک جواب جمع نہ کرایا گیا توعدالت ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے متعلق فیصلہ دے گی۔ کیس کی مزید سماعت 21 مارچ کو ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں