گال ٹیسٹ سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 259 رنز سے ہرا دیا

سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی ٹیم 197 رنز پر ڈھیر ہو گئی


Sports Desk March 11, 2017
سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی ٹیم 197 رنز پر ڈھیر ہو گئی. فوٹو: فائل

گال ٹیسٹ میں میزبان سری لنکا نے بنگلا دیش کو 259 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔

میچ کے آخری روز بنگلہ دیش نے 67 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلیے مزید 390 رنز درکار تھے جبکہ تمام وکٹیں باقی تھیں تاہم کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 197 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اوپنر سومیا سرکار اپنی اننگز میں کسی رن کا اضافہ کیے بغیر 53 رنز پر گونارتنے کی گیند پر بولڈ ہو گئے، تمیم اقبال گزشتہ اننگز میں 6 رنز کا اضافہ کر سکے اور 19 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین لٹن داس 35، کپتان مشفیق الرحیم 34 اور مہدی حسن مرزا 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمود اللہ ، مستفیض الرحمان اور سباشیش رائے کوئی رن نہ بنا سکے۔

سری لنکن کپتان رنگنا ہیراتھ نے 59 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو واپسی کا راستہ دکھاتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ دلروان پریرا نے 2 جبکہ ایسلا گونارتنے اور لکشن سینڈاکن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلی اننگز میں 194 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے کوشال مینڈس مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس سے قبل سری لنکا نے دوسری اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنا کر ڈیکلیئر کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو میچ میں فتح کیلیے 457 رنز کا ہدف دیا۔ اپل تھرنگا نے سنچری سکور کی اور 115 رنز پر آؤٹ ہوئے، دنیش چندیمل نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن نے 2,2 جبکہ مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں سری لنکا کے 494 رنز کے جواب میں 312 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور سری لنکا نے 182 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 15 مارچ سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں