بھارت میں ریاستی انتخابات بی جے پی نے 13 برس بعد اتر پردیش میں میدان مار لیا

پنجاب میں مودی کی جماعت کو اپ سیٹ شکست، چوتھے نمبر پر رہی


ویب ڈیسک March 11, 2017
اتر کھنڈ میں بی جے پی جب کہ پنجاب میں کانگریس نے میدان مار لیا. فوٹو: فائل

بھارت میں 5 ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم ابتدائی نتائج کے مطابق اتر پردیش اور اتر کھنڈ میں بی جے پی نے میدان مار لیا ہے جب کہ پنجاب میں کانگریس نے حکمراں جماعت کو شکست دے دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش سمیت 5 ریاستوں میں ایک ماہ کے طویل انتخابی مرحلے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اترپردیش کی 403 نشستوں میں سے 311 پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ کانگریس کو صرف 54 نشستیں مل سکی ہیں۔ ریاست اترپردیش میں بی جے پی نے 13 برس بعد انتخابی معرکہ اپنے نام کیا ہے۔ اتر پردیش کی طرح اتر کھنڈ میں بھی بی جے پی نے 71 میں سے 56 نشستیں حاصل کر کے میدان مار لیا ہے جب کہ کانگریس کے حصے میں 11 نشستیں آئی ہیں۔

بی جے پی کو سب سے بڑا اپ سیٹ پنجاب میں ہوا جہاں ریاستی اسمبلی کی 117 نشستوں میں سے 69 پر کانگریس کو کامیابی ملی جب کہ دوسرے نمبر پر اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی رہی جس نے 20 سیٹیں حاصل کی۔ پنجاب میں بی جے پی چوتھے نمبر پر رہی اور صرف 3 نشستوں پر ہی کامیابی حاصل کر سکی۔

اس کے علاوہ گوا اور منی پور میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جہاں کانگریس کو برتری حاصل ہے۔ یاد رہے کہ ریاست کے 17 ویں اسمبلی الیکشن کے انتخابات 7 مراحل میں طے پائے جن میں 13 کروڑ 90 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا

واضح رہے کہ 2012 میں ہونے والے انتخابات میں اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی نے 224 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے اکیلیش یادوو کی لیڈرشپ میں حکومت بنائی تھی لیکن اس بار نریندر مودی نے سماج وادی پارٹی اور بہوجن پارٹی کے خلاف بھرپور مہم چلائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں