عمراکمل کا سنچری کے ذریعے ناقدین کو کرارا جواب

قائد اعظم ٹرافی میں لاہور شالیمار اور فیصل آباد کا میچ ڈرا ہونے کاامکان۔

کوئٹہ کیخلاف لاہور راوی کے عابد نے ناقابل شکست ڈبل سنچری بنا دی۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا تیسرا رائونڈ اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا۔

عمر اکمل نے سنچری کے ذریعے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا، اس کے باوجود لاہور شالیمار اور فیصل آباد کا میچ ڈرا ہونے کاامکان ہے،کوئٹہ کیخلاف لاہور راوی کے عابدعلی نے ناقابل شکست ڈبل سنچری بنا دی،قیصر عباس نے بھی جوابی سنچری داغی، ملتان کے احسن نے پشاور اور ایبٹ آباد کے یاسر حمید نے بہاولپور سے میچز میں تھری فیگر اننگز سجائیں، احمد جمال نے میچ میں8وکٹیں حاصل کیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چار روزہ میچ کے تیسرے روز جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میںکھیل کے اختتام پر میزبان شالیمار ٹیم نے3وکٹ پر270 رنز بنائے۔

دورہ بھارت میں ناقص بیٹنگ پر سخت تنقید کا نشانہ بننے والے عمر اکمل ناقابل شکست سنچری کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، ان کے 102 رنز میں 18 چوکے بھی شامل رہے،عمران بٹ نے 92 رنز اسکور کیے،فیصل آباد نے پہلی اننگز میں265 رنز اسکورکیے، میچ ڈرا ہونے کا امکان روشن ہے، ایل سی سی اے گرائونڈ پر میزبان لاہور راوی نے 4 وکٹ پر408 رنز کے ساتھ نامکمل پہلی اننگز دوبارہ شروع کی،197 رنز کے ساتھ کریز پر آنے والے عابد علی کی ڈبل سنچری مکمل ہوتے ہی 6 رنز کے اضافے پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی،عابد کے ناقابل شکست 202 رنز میں 30 چوکے شامل تھے۔




جواب میں تیسرے دن کھیل کے اختتام پرکوئٹہ نے پہلی اننگز میں7 وکٹ گنوا کر 213 رنز بنالیے، قیصر عباس 107رنز کے ساتھ کریز پر جمے ہوئے ہیں ،خلیل اور عدنان نے 3،3 کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا، اس طرح کوئٹہ کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید201 رنز درکار اور صرف3 وکٹیں محفوظ ہیں۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی اننگز میں194 رنز پر آئوٹ ہونے والی پشاور کی ٹیم نے دوسری باری میں ایک وکٹ پر34 بنائے، قبل ازیں میزبان ٹیم نے 340 رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد146 کی سبقت حاصل کی، محمد احسن نذیر 100 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

سجاد احمد نے62 رنز دے کر6 مہمان بیٹسمینوں کو واپس ڈریسنگ روم پہنچایا، پنڈی اسٹیڈیم میں پہلی باری میں 216رنز بنانے والی بہاولپورکی ٹیم نے دوسری اننگز میں3 وکٹ پر96 رنز بنالیے،عثمان طارق 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں،پہلی اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے احمد جمال نے 2 وکٹیں لیں، اس سے قبل ایبٹ آباد کی ٹیم پہلی اننگز میں337 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، یاسر حمید نے سنچری اسکورکرتے ہوئے 19 چوکوں کی مدد سے103 رنز اسکور کیے،یاسر شاہ نے 42 رنز جوڑے۔
Load Next Story