پریمیئر فٹبال این بی پی نے آرمی کو ایک گول سے ہرا دیا

آصف نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، کے پی ٹی اور واپڈا کا مقابلہ1-1سے برابر رہا۔

رائے اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔ فوٹو: فائل

9 ویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں این بی پی نے آرمی کو ایک گول سے ہرا دیا،کے پی ٹی اور واپڈا کا مقابلہ1-1سے برابر رہا،

جمعرات کو کورنگی اسٹیڈیم کراچی میں این بی پی اور آرمی کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ ہوا، میچ کے40ویں منٹ میں فاتح ٹیم کے فارورڈ آصف نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جوفیصلہ کن ثابت ہوئی، بعد میں کوئی بھی ٹیم کوشش کے باوجود گیند کو جال میں نہ پہنچا سکی۔

دوران میچ کھلاڑیوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ریفری کو بار بار کارڈز کا استعمال کرنا پڑا،آرمی کے ڈیفینڈر شکیل احمدکو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔




اسی ٹیم کے فارورڈ محمد رضوان کو یلو کارڈ دکھایا گیا، بینک کے گول کیپر محمد عمر اور ڈیفینڈر رائے اکمل شہزاد کے ساتھ بھی ریفری نے یہی سلوک کیا، رائے اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

کے پی ٹی گرائونڈ کراچی میں واپڈا کے فارورڈ محمد احمد نے کھیل کے31 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی، میزبان ٹیم کے ڈیفینڈر غلام رضا نے47 ویں منٹ میں پنالٹی کک پرگول کر کے مقابلہ1-1کردیا، یہی اسکور مقررہ وقت تک برقرار رہا،کے پی ٹی کے گول کیپر احسان اللہ کوکھیل کے88 ویں منٹ میں یلوکارڈ کا سامنا کرنا پڑا، واپڈا کے محمد احمد بہترین اسکورر اور اسی ٹیم کے جنید قادر بیسٹ کھلاڑی قرار پائے، جمعے کوپی این ایس کارساز گرائونڈ پر پاکستان نیوی کا مقابلہ افغان فٹبال کلب سے ہوگا۔
Load Next Story