اسپتالوں میں بائیومیٹرک نظام نصب کرنے کی ہدایت

بائیومیٹرک سسٹم کو ڈائریکٹرجنرل صحت کے دفترسے منسلک کرکے حاضریوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی


Staff Reporter March 12, 2017
ایمبولینسوں کا ریکارڈ طلب کرلیا، مریضوں کو دواؤں کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر ایم توفیق۔ فوٹو: فائل

کراچی سمیت اندرون سندھ کے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسپتالوں میں کام کرنے والے ملازمین کی بروقت حاضریوں کو یقینی بنانے کیلیے بائیومیٹرک سسٹم فوری نصب کریں اوراسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں اوراس نظام کو ڈائریکٹر جنرل صحت کے دفتر سے منسلک کیاجائے تاکہ ملازمین کی حاضریوں اوراسپتال میں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد کی یومیہ بنیادوں پرمانیٹرنگ کی جا سکے۔

ڈائریکٹرجنرل صحت ڈاکٹر ایم توفیق نے بتایا کہ کراچی سمیت اندرون سندھ کے تمام ضلعی وتعلقہ اسپتالوں کی انتظامیہ سے سرکاری ایمبولینس گاڑیوںکی بھی تفصیل طلب کرلی گئی تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ محکمہ صحت کے ماتحت دی جانے والی ایمبولینس گاڑیاں کتنی فعال اورغیر فعال ہیں، تمام اسپتالوں میں انٹرنیٹ اوروائی فائی کے ذریعے بائیومیٹرک سسٹم ، لگانئے جانے والے کیمروںکی مانیٹرنگ کیلیے علیحدہ سے انقارمیشن یونٹ بھی قائم کردیا گیا جہاں تمام اسپتالوں، انتظامیہ، ملازمین کی حاضریوں و کارکردگی کو مانیٹر کیا جاسکے گا۔

ڈاکٹر ایم توفیق نے بتایا کہ تمام ضلعی وتعلقہ اسپتالوں کی انتظامیہ کو اس حوالے سے مکتوب ارسال کردیے گئے ہیں، ہدایت دی گئی ہے کہ 2ہفتے کے اندراسپتال میں گھوسٹ ملازمین کی فہرست بھی ارسال کی جائے، انھوں نے بتایا کہ اندرون سندھ معلوم ہوا ہے کہ اسپتالوں میں گھوسٹ ملازمین بھی شامل ہیں جن کی تنخواہیں باقاعدگی سے جاری کی جارہی ہیں، انھوں نے کہاکہ تمام اسپتالوں کے انتظامی سربراہوں سے حلف نامے کے ساتھ گھوسٹ ملازمین کی فہرست طلب کرلی گئی۔

علاوہ ازیں ڈاکٹرایم توفیق کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے ہیں تاہم دواؤں کے ڈپو کو انٹرنیٹ سے منسلک کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔