لاہورمیں ہمارے ورکرزکنونشن کے مقام کوسیل کردیا گیاتحریک انصاف

یہ تحریک انصاف کے دو گروپوں کا آپس کا معاملہ ہے جس کی وجہ سے کنونس نہ ہوسکا،ترجمان پنجاب حکومت


ویب ڈیسک March 12, 2017
تحریک انصاف کے کارکنوں اوررہنماؤں نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ پرہی کرسیاں لگا کر کنونشن شروع کردیا۔: فوٹو: اسکرین گریب

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ٹاؤن شپ میں ہمارے ورکرزکنونشن کے مقام کوسیل کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ٹاؤن شپ میں ورکرزکنونشن کے لیے جب کارکنوں کی بڑی تعداد شادی ہال پہنچی تو انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہال میں داخلے کی اجازی نہیں دی گئی جب کہ پی ٹی آئی کے پرچم سمیت بینربھی ہٹا دیئے گئے جس کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں اوررہنماؤں نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ پرہی کرسیاں لگا کرکنونشن شروع کردیا۔ کنونشن سے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے خطاب کرنا تھا۔

کارکنوں کا کہنا تھا کہ رات گئے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے کرسیاں ہٹائیں، یہ لیگی رہنماؤں کے اوچھے ہتھکنڈے ہیں جب کہ کنونشن کرانا ان کا جمہوری حق ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے شادی ہال کے دونوں اطراف سے روڈ کوبلاک کردیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کا ایکسپریس نیوزسے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف کے دو گروپوں کا آپس کا معاملہ ہے جس کی وجہ سے کنونشن نہ ہوسکا اورنہ ہی مجھے اس کنونش کا علم تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف الزام لگانا بند کرے اوران کی آپس کی لڑائی میں ہمارا کوئی قصورنہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں