دہشت گردی کے خاتمے میں اصل رکاوٹ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں سراج الحق

پرویزمشرف کی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان کو بھاری معاشی وجانی نقصان اٹھانا پڑا، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک March 12, 2017
پرویزمشرف کی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان کو بھاری معاشی وجانی نقصان اٹھانا پڑا، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے میں اصل رکاوٹ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں.

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں اصل رکاوٹ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں، سابق صدر پرویز مشرف نے پاکستان کو دہشت گردی اور بدامنی کا تحفہ دیا جس کی وجہ سے ملک کو بھاری معاشی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا، پوری قوم پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہی ہے، پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج علما اور مدارس دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں اور اب تک اتنے لوگ شہید ہوچکے ہیں جتنے 65 اور 71 کی جنگوں میں بھی شہید نہیں ہوئے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:تیرا چور مردہ باد میرا چور زندہ باد کے اصول کو نہیں مانتے

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسلام امن و اتحاد اور وحدت کا نام ہے اور پاکستان کے 95 فیصد عوام خلافت راشدہ کا نظام دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اسلامی نظام نافذ کرنا حکمرانوں کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے مؤقف تھا کہ پاکستان کو افغانستان کے خلاف امریکا کا ساتھ نہیں دینا چاہیئے، دشمن امت کو تقسیم کرنا چاہتا ہے اور آج افغانستان سے لے کر لیبیا تک پورا خطہ بارود کی زد میں ہے، اسی دشمن نے ہماری سیاست اور تعلیمی اداروں کو بھی یرغمال بنا رکھا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کرپشن کے پہاڑ کو ریزہ ریزہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ عوام کرپشن سے پریشان ہے جب کہ اشرافیہ نے ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کر رکھی ہے، اگر 5 سے 6 ہزار لوگ جیلوں میں چلے جائیں تو ملک کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں