ہم نے دہشت گردوں کو کہیں بھی چھپنے کا موقع نہیں دیا آئی جی خیبرپختونخوا

دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ طویل ہے اور اس کے لئے سب کو تیار رہنا چاہیے،آئی جی ناصردرانی


ویب ڈیسک March 12, 2017
آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے اور اب تک ایک ہزار192 دہشت گردوں کو گرفتارکیا جا چکا ہے، آئی جی پولیس،فوٹو:فائل

آئی جی خیبرپختون خوا پولیس ناصر درانی کا کہنا ہے کہ ہم نے دہشت گردوں کو چھپنے کا موقع نہیں دیا لیکن دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ طویل ہے اور اس کے لئے سب کو تیار رہنا چاہیے۔

آئی جی کے پی کے پولیس ناصردرانی کا اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پولیس لائن میں منعقدہ اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس میں اے ایس پی بھرتی ہوا اور35 سال تک شیروں دلیروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، خطرناک حالات میں خیبر پختونخوا پولیس کی کمان سنبھالی، خطرات کا دلیری سے مقابلہ کیا اورمہارت سے چیلنجز کا سامنا کیا، یہی وجہ ہے کہ آج اس صوبے کی پولیس کی مثالیں دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین میں اگر کسی کو خطرہ ہے تو وہ پولیس اہلکار ہیں جن کی جانوں کو ہر وقت خطرہ رہتا ہے۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو کہیں بھی چھپنے کا موقع نہیں دیا لیکن دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ طویل ہے اور اس کے لئے سب کو تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے اور اب تک ایک ہزار192 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن کی سزاؤں پر عمل درآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔

ناصردرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے میڈیا کا اہم کردارہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ اوراپ گریڈیشن کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو خط لکھا ہے جس پر انہوں نے کمیٹی بنا دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں