بھارت میں ریاستی اسمبلیوں کے الیکشن‘ کانگریس کی بہتر کارکردگی
اترپردیش اور اترا کھنڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے دیگر تمام جماعتوں کو بھاری شکست دی
بھارت کی 5 ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی 2 ریاستوں میں کانگریس 3 ریاستوں میں کامیاب رہی۔ یوں بی جے پی کا پانچوں ریاستوں میں کامیابی حاصل کرنے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ کانگریس نے 3 ریاستوں میں بی جے پی کو شکست دی۔
بھارتی الیکشن کمیشن نے ریاست گووا، منی پور، پنجاب، اترپردیش اور اترکھنڈ میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے نتائج جاری کر دیے جن کے مطابق گووا کی 40 نشستوں میں سے کانگریس نے سب سے زیادہ 17 نشستیں حاصل کیں جب کہ حکمران بی جے پی 13نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تاہم دونوں ہی جماعتیں سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکیں۔ اسی طرح منی پور میں 60 میں سے 28 نشستیں کانگریس کے حصے میں آئیں جب کہ بی جے پی نے 21 سیٹوں پر کامیابی سمیٹی۔
پنجاب کی 117 نشستوں میں سے کانگریس نے 77 نشستیں حاصل کر کے اکثریت حاصل کی جب کہ بی جے پی صرف 3 سیٹیں ہی حاصل کر سکی۔ پنجاب میں اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کو 20 سیٹیں ملیں۔ اترپردیش اور اترا کھنڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے دیگر تمام جماعتوں کو بھاری شکست دی۔ اترپردیش کی 403میں سے 311 نشستیں اور اترکھنڈ کی 70 میں سے 56 نشستیں بی جے پی کے کھاتے میں گئیں۔