کارکنوں نے برداشت چھوڑ دی تو نواز حکومت کو بھاگنا پڑے گا بلاول بھٹو زرداری

وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے


ویب ڈیسک March 13, 2017
وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ فوٹو؛فائل

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ شہید بابربٹ کا قتل اور شوکت بسرا پر حملہ ایک ہی سازش کاحصہ ہے اور اگر کارکنوں نے برداشت کا مظاہرہ چھوڑ دیا تو نواز حکومت کو بھاگنا پڑے گا۔

لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما بابر سہیل بٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ شہید بابر بٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم بابربٹ کے خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ حکومت ورثا کی درخواست پر کیس داخل کرکے اصل ملزمان گرفتار کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بابر بٹ کا قتل اور شوکت بسرا پر حملہ ایک ہی سازش کی کڑی ہے، نواز حکومت نے کارندے پیپلز پارٹی کارکنوں پر دہشت گری کے لیے چھوڑ رکھے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے برداشت کا مظاہرہ چھوڑ دیا تو نواز حکومت کو بھاگنا پڑ جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پیپلزپارٹی کے رہنما بابربٹ لاہور میں قتل

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تفتیش میں میرٹ اورانصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، مقتول کے خاندان کو ہرقیمت پر انصاف فراہم کریں گے ، انہوں نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ معاملے کی تفتیش کے لیے پولیس کے سینیر افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما بابر سہیل بٹ کو مخالفین نے لاہور کے علاقے مناواں میں ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں