پنجاب حکومت کا موٹربائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

اس كے آغاز سے عوام كو تنگ گلیوں میں ایمرجنسی سروس كی سہولت ملے گی، شہبازشریف


ویب ڈیسک March 14, 2017
اس كے آغاز سے عوام كو تنگ گلیوں میں ایمرجنسی سروس كی سہولت ملے گی، شہبازشریف ۔ فوٹو؛ فائل

پنجاب حكومت نے موٹر بائیكس ایمبولینس سروس كے اجرا كا فیصلہ كیا ہے جس کے لیے شہبازشریف نے لاہور سمیت پنجاب كے تمام ڈویژنل ہیڈ كوارٹرز میں موٹربائیكس ایمبولینس سروس كے اجراء كی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں شہبازشریف نے كہا لاہور سمیت صوبے كے تمام ڈویژنل ہیڈكوارٹرزمیں موٹربائیكس ایمبولینس سروس كا اجراء كیا جارہا ہے اوراس سلسلے میں 900 موٹر بائیكس پر مشتمل نئی ایمبولینس سروس كے اجراء كی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے جب كہ موٹربائیكس ایمبولینس سروس کے لیے 900 میڈیكل ٹیكنیشن بھرتی كیے جارہے ہیں۔ انہوں نے كہا كہ موٹربائیكس ایمبولینس سروس گنجان آباد علاقوں میں ہنگامی صورتحال میں خدمات كی فراہمی کے لیے موثر كردار ادا كرے گی، موٹربائیكس ایمبولینس سروس كے آغاز کے لیے ضروری اقدامات كو حتمی شكل دی جارہی ہے۔

شہبازشریف نے كہا كہ موٹربائیكس ایمبولینس سروس لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور ساہیوال میں ایمرجنسی خدمات فراہم كرے گی۔ انہوں نے كہا كہ موٹربائیكس ایمبولینس سروس كا دائرہ كارمرحلہ وارپنجاب كے ہرشہر تك بڑھایا جائے گا، موٹربائیكس ایمبولینس سروس کے لیے بھرتی كیے گئے عملے كی جدید خطوط پر تربیت كا آغاز ہوچكا ہے، موٹربائیكس ایمبولینس سروس ایمرجنسی میڈیكل سروس كے شعبے میں ایك شاندار اضافہ ہو گا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس سروس كے آغاز سے عوام كو تنگ و تاریك گلیوں میں ایمرجنسی سروس كی سہولت ملے گی، موٹربائیكس ایمبولینس سروس كے اجراء كے ساتھ موبائل وركشاپس بھی بنائی جائیں گی، تنگ گلیوں اور محلوں میں كسی مصیبت، حادثے یا قدرتی آفت میں گھرے افراد كو ریسكیو كرنے کے لیے موٹربائیكس ایمبولینس كا نظام معاون ثابت ہوگا، اس سروس كے اجراء سے جائے حادثات تك فوری رسائی ممكن ہوسكے گی اوراس سروس كے آغاز سے عوام كو بے پناہ ریلیف ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے كہا كہ موٹربائیكس ایمبولینس سروس وہاں بھی پہنچ سكے گی جہاں عام ایمبولینس نہیں جاسكتی اوریہ موٹربائیكس ایمبولینس سروس اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوگی جس كا مقصد عوام كوكسی نا خوشگوار واقعہ یا قدرتی آفت نے بروقت سہولت مہیا كرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ڈویژن میں 300، راولپنڈی 100، ملتان 100، گوجرانوالہ 100، فیصل آباد 100، بہاولپور50، ڈی جی خان 50، سرگودھا 50 اور ساہیوال میں 50 موٹر بائیكس ایمبولینس چلائی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں