سماجی رہنما انا ہزارے بھی پاکستان دشمنی میں دیگر بھارتیوں سے پیچھے نہیں

پاکستان کے ساتھ فیصلہ کن جنگ کرکے بھارت اپنے تمام مسائل کا جڑ سے ہی خاتمہ کردے، اناہزارے

بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کسی بھی طرح قابل قبول نہیں، اناہزارے۔ فوٹو : فائل

بھارت میں کرپشن کے خلاف میدان میں اترنے والے سماجی رہنما انا ہزارے کی پاکستان دشمنی بھی سامنے آگئی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی پر ہزارے نے بھارت کو موقع سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کو مزا چکھانے کا مشورہ دیا ہے۔


بھارتی اخبار کے مطابق انا ہزارے کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کسی بھی طرح قابل قبول نہیں۔ بھارت کو اس واقعے کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہی سب سے مناسب وقت ہے کہ پاکستان کے ساتھ فیصلہ کن جنگ کرکے بھارت اپنے تمام مسائل کا جڑ سے ہی خاتمہ کردے۔75 برس کی عمر ہونے کے باوجود وہ بھارتی فوج کے شانہ بشانہ پاکستان کے خلاف لڑنے کے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ انا ہزارے سابق فوجی ہیں اور انہیں بھارت میں کرپشن کے خلاف جدوجہد کی وجہ سے عالمی پیمانے پر شہرت حاصل ہے وہ اپنے معتدل مزاج کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں ۔
Load Next Story