2024

زرین خان 2 نئی فلموں میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیاراچھی فلم کا انتظار کرتی رہیاداکارہ

’’پارٹنر ٹو‘‘ 2013 کی ایک اچھی اور معیاری فلم ثابت ہوگی، صرف منتخب اور معیاری فلموں میں ہی کام کرنا پسند کروں گی۔


Showbiz Desk January 12, 2013
ہدایتکار ڈیوڈ دھون کی نئی فلم میں اہم کردار ملا تو حامی بھرلی، پہلی فلم میں ہی پرستاروں نے اچھا رسپانس دیا،28 سالہ بالی وڈ اداکارہ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ زرین خان نے کہا ہے کہ پرستاروں کے لیے نئے سال کے آغاز پر یہ خوشخبری دینا چاہوں گی کہ اب انتظار کا وقت ختم ہورہا ہے، دو نئی فلمیں جلد ریلیز ہورہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 2013ء میں ہی نئی فلم'' پارٹنر ٹو''بھی ریلیز کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ معیاری کام کو ترجیح دیتی ہوں ۔اور اس کے لیے جتنا بھی طویل انتظارکیوں نہ کرنا پڑے کرتی ہوں ۔اداکارہ نے بتایا کہ فلم ''پارٹنر ٹو ''میں اہم کردار میں کاسٹ کیا گیا ہے،یہ فلم 2013ء کی ایک اچھی اور معیاری فلم ثابت ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ اس فلم پربڑی محنت کی جارہی ہے یہ 2007ء کی فلم ''پارٹنر''کا سیکوئل ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس فلم میں جب کردار کے حوالے سے دیکھا گیا اور اس کے لیے میری اپنی چوائس بھی یہی تھی تو میں نے حامی بھرلی،اس فلم کی ٹیم کے لیے یہ عمدہ پرفارم کرنے کے مواقع بھی ہیں ۔28 سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ زیادہ فلموں کی بجائے صرف منتخب معیاری فلمیں ہی کروں گی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اچھوتے موضوعات پر مبنی نئی فلموں میںکام کرنا پسند کروں گی۔اس کے لیے اپنی ترجیحات واضع کردی ہیں اور اپنے ان اصولوں پر سختی سے کاربند رہنے کا بھی فیصلہ کررکھا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ کئی ایسی فلمیں آفرز ہوئی ہیں جن میں بڑے اسٹارز بھی کام کررہے ہیں مگر ان میں اپنے کردار کی مناسبت سے فیصلہ نہیں کرسکی۔ جب تک کردار مکمل طور پر مجھے سمجھ نہیں آئے گا اس میں کام کرنا مشکل ہوگا یہی سبب ہے کہ زیادہ فلمیں کرنے کی روایت کے برعکس صرف معیار پر توجہ دی ہے ۔اس کے لیے طویل انتظار بھی کرتی ہوں ۔اداکارہ نے بتایا کہ سلمان خان کے ساتھ پہلی فلم ''ویر ''میں ہی میری پرفارمنس کو پسند کیا گیا۔



بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے آتے ہی اپنی ساکھ بنانے کے لیے عمدہ کام کیا ہے ،اس کے بعد صرف دو ہندی اور دو تامل فلموں میں کام کیا، زرین خان کی چند فلمیں ابھی فلم انڈسٹری میں ان کے مستقبل کے حوالے سے کوئی اہم فیصلہ کن موڑ تو نہیں ثابت ہوئیں تاہم ان کی آنیوالی فلموں میں اب کافی امیدیں وابستہ کی جارہی ہیں۔ نقادوں کا کہنا ہے کہ زرین خان کی پرفارمنس اچھی رہی ہے۔ ابھی تسلسل سے انھیں کام کرنے کی ضرورت ہے اور بریک لگانا ان کے حق میں اچھا نہیں ہے۔

انھیں اچھی فلمیں کرنا ہونگی تاہم زیادہ فلمیں کریں گی تو ان کے کام میں نکھار بھی پیدا ہوتا جائے گا ۔ واضح رہے کہ 14 مئی 1984ء کو ممبئی کے ایک مسلم گھرانے میں پیدا ہوئیں ۔بالی وڈ اداکارہ زرین خان ڈاکٹر بننے کی خواہاں تھیں۔اداکارہ کترینہ کیف سے مشابہہ ہونے پر انھیں ان کے دوست وجے گیلانی کی جانب سے ان کی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی۔ اداکارہ نے 2010ء کے دوران فلم ''ویر ''میں سلمان خان کے مدمقابل کام کیا اور اس پہلی فلم کے لیے ہی اداکارہ کو بہترین پرفارمنس پر زی سنما ایوارڈ کے لیے نامزدکرلیا گیا۔

2012ء کے دوران اداکارہ کی دوسری فلم ''ہائوس فل ٹو ''نے باکس آفس پر کامیابی کے ریکارڈ قائم کیے اگرچہ 2011ء میں بھی ان کی فلم ''ریڈی''میں مختصر آمد ہوئی۔ اس فلم کاشمار سال کی ان بڑی فلموں میں کیا جاتا ہے جو سو کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ تاہم ان کی دو تامل فلمیں مکمل ہوچکی ہیں۔یہ فلمیں بھی جلد سینما گھروں کی زینت بنائی جائیں گی ۔بالی وڈ اداکارہ نئی فلم میں سلمان خان ، گووندا اور سنجے دت کے ساتھ نظر آئیں گی ۔ فلمساز ساجد ناڈیاوالا اور سہیل خان کی اس فلم کے ہدایتکار ڈیوڈ دھون ہیں۔

سائوتھ کے تجربہ کار ہدایتکار پرتھوی راج کمار کے ساتھ بھی زرین خان تامل فلم میں کام کررہی ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کو اردو ،ہندی ، انگلش اور تامل زبانوں پر عبور حاصل ہے ان زبانوں میں ان کے لیے کام کرنا بہت آسان اور کہانی کو سمجھ کر کردار نبھانا زیادہ دلچسپ ہوجاتا ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ زرین خان کی نئی فلمیں ان کے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں گی۔

دریں اثنا بالی وڈ میں ان کے کترینہ کیف سے مشابہت سے فائدہ اٹھانے کے بھی چرچے رہے تاہم اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے ان کی ہم شکل ہونے کا فائدہ اٹھایابلکہ میں نے صرف اپنی صلا حیتوں اور اپنی اداکاری کے بل بوتے پر کام کیا اور اپنا ایک منفردمقام بنا نے کی کوشش کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں