دمشق میں 2 خودکش حملوں میں 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی

پہلا خود کش حملہ عدالتی احاطے میں کیا گیا جب کہ دوسرے خود کش حملے میں ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا، پولیس

خودکش حملے میں درجنوں افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے،پولیس۔ فوٹو: اے ایف پی

شام کے دارالحکومت میں 2 خودکش حملوں کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں دو الگ مقامات پر خودکش حملوں میں 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ پہلا خودکش حملہ مرکزی عدالت کے احاطے میں ہوا جہاں بمبار نے عدالت کے اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم اسے محافظ نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے عدالتی احاطے میں جا کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں وکلا سمیت 30 سائلین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔




دوسرا خودکش حملہ دارالحکومت دمشق کے ہی علاقے ربوا کے ایک ریسٹورینٹ میں ہوا جہاں خودکش جیکٹ پہنے حملہ آور نے عمارت کے اندر گھس کر خود کو اڑالیا تاہم دھماکے کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کا علم نہ ہوسکا جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں درجنوں افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔



دوسری جانب دمشق پولیس چیف محمد خیر اسماعیل کا کہنا ہے کہ مرکزی عدالت کے دروازے پر فوجی یونیفارم میں مشکوک شخص کو گارڈ نے روکا اور اسے شناخت کے لئے کہا تاہم خودکش بمبار محافظ کو زخمی کرنے کے بعد تیزی سے عدالتی احاطے تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

واضح رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران خودکش حملوں میں تیزی آچکی ہے اور 13 مارچ کو قدیم قبرستان کے قریب 2 دھماکوں میں 40 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
Load Next Story