مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ میں 3 نوجوان شہید کر دیے

قابض انتظامیہ نے 27سال بعد گاؤکدل قتل عام میں22نہتے مظاہرین کی ہلاکت کااعتراف کر لیا، اصل تعداد زیادہ ہے


News Agencies March 16, 2017
چھاپے کے دوران بھارتی فوجیوں نے لبریشن فرنٹ کے ضلعی صدر عبدالستار کو کولگام میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں 3 نوجوان شہید کردیے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک 7 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ان نو جوانوں کو ضلع کے علاقے جگتیال میں تلاشی اورمحاصرے کی ایک کارروائی کے دوران ایک مکان تباہ کر کے شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اور پولیس نے مشتبہ حریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کپواڑہ کے ایک گاؤں جگتیال کا محاصرہ کیا۔

ادھر ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی وید کے مطابق آپریشن میں 3 شدت پسند مارے گئے جبکہ بدقسمتی سے انکاؤنٹر کے دوران ایک بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ایک بچی اور لڑکے کو جائے وقوع سے 100 میٹر کی زائد دوری سے گولیاں لگیں، لڑکے کی حالت اسپتال میں خطرے سے باہر ہے جبکہ فورسز کے آپریشن کے دوران ایک پولیس افسر بھی زخمی ہوا ہے۔

دریں اثنا چھاپے کے دوران بھارتی فوجیوں نے لبریشن فرنٹ کے ضلعی صدر عبدالستار کو کولگام میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا جبکہ دوسری جانب دوسری طرف مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے گاؤ کدل قتل عام کے 27 سال بعد اس بات کااعتراف کرلیا ہے کہ واقعے میں 22نہتے مظاہرین قتل اور 12زخمی ہوئے تھے تاہم مقتولین کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں