نوآموز کینگروز بھی سری لنکن ٹائیگرز پر بھاری پڑ گئے

دوسرے درجے کی ٹیم نے پہلے ون ڈے میں مہمان سائیڈ کو107 رنز سے پچھاڑ دیا۔


Sports Desk January 12, 2013
سنچری کی تکمل پر فل ہیوز کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو : اے ایف پی

نوآموز کینگروز بھی سری لنکن ٹائیگرز پر بھاری پڑ گئے، دوسرے درجے کی آسٹریلوی ٹیم نے پہلے ون ڈے میں مہمان سائیڈ کو باآسانی 107 رنز سے پچھاڑ دیا، ڈیبیو کرنے والے 3 کھلاڑیوں میں شامل فل ہیوز نے سنچری بنا کر نئی تاریخ رقم کردی۔

اس سے قبل کسی کینگرو کرکٹر کو کیریئر کے اولین ون ڈے میں یہ کارنامہ انجام دینے کا اعزاز حاصل نہیں ہوا تھا، بیلی اور ڈیوڈ ہسی نے ففٹیز بنائیں، 306 رنز کے تعاقب میں آئی لینڈرز 198 پر آئوٹ ہو گئے، دلشان اور چندیمل کی نصف سنچریاں ٹیم کو فتح دلانے کیلیے ناکافی ثابت ہوئیں، میک کے نے چار وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں مشکل ہدف دیکھ کر ہی سری لنکا کے اوسان خطا ہو گئے،17رنز پر تھارنگا (1) اور مہیلا جے وردنے (5) نے میدان چھوڑ دیا، دلشان نے چندیمل کے ساتھ94 رنز جوڑے۔



دونوں نے بالترتیب 51 اور 73 رنز کی اچھی اننگز کھیلیں، دیگر بیٹسمین ناکام رہے اور 40 اوورز میں 198 پر ٹیم کا سفر اختتام کو پہنچا، پیسر کلنٹ میک کے نے4 اور مچل جانسن نے 2 وکٹیں لیں، تین پلیئرز رن آئوٹ ہوئے۔ قبل ازیں ڈے نائٹ میچ میں ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ابتدائی تینوں بیٹسمینوں فنچ، ہیوز اور عثمان خواجہ کا ڈیبیو ہوا۔

ان میں سے ہیوز نے ہی پُراعتماد بیٹنگ کی، انھوں نے 129 گیندوں پر14 چوکوں کی مدد سے112 رنز بنائے، اوپنر نے کپتان جارج بیلی (89) کے ساتھ تیسری وکٹ کیلیے140 رنز کی شراکت بھی بنائی، فنچ 16 اور عثمان 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ڈیوڈ ہسی نے صرف34 گیندوں پر ناقابل شکست60 کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 305 رنز تک پہنچایا، انھوں نے مینڈس کے آخری اوور میں 21 رنز بٹورے، بگ بیش میں تباہ کن بولنگ کرنے والے مالنگا 61رنز دے کر ایک ہی وکٹ حاصل کر پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں