قائد اعظم ٹرافی کرکٹ لاہور راوی نے کوئٹہ کو اننگز سے قابو کرلیا

عدنان رسول کی5 وکٹیں، ملتان و پشاور،لاہور شالیمار و فیصل آباد کے میچز نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے، اسرار کی سنچری


Sports Reporter January 12, 2013
محمد خلیل نے 44 رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم بھیجا، انھوں نے میچ میں 8 وکٹیں لیں۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے رائونڈ میں عدنان رسول کی تباہ کن بولنگ کی بدولت لاہور راوی نے کوئٹہ کو اننگز اور 72 رنز سے قابو کرلیا،ملتان اور پشاورکا میچ ڈرا ہوگیا۔

اسرار اللہ نے سنچری بنائی،لاہور شالیمار اور فیصل آباد کا میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا، عمران بٹ نروس نائنٹیزکا شکار ہوئے،ایبٹ آباد کے احمد جمال 11 وکٹیں لے کر بھی بہاولپور کے خلاف میچ کو ڈرا ہونے سے نہ روک سکے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر کھیل کے چوتھے اور آخری روز کوئٹہ نے213 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔

تاہم آخری 3 کھلاڑی مزید23 رنز کا اضافہ کر کے واپس پویلین لوٹ گئے ،قیصر عباس107رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،عدنان رسول نے 67 رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا،محمد خلیل کے حصے میں3 وکٹیں آئیں، دونوں نے فالو آن پر مجبور ہونے والی مہمان ٹیم کو دوسری باری میں بھی ٹھکانے لگانے میں اہم کردار ادا کیا، پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے قیصر عباس نے27 رنز بنائے،محمد خلیل نے 44 رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم بھیجا، انھوں نے میچ میں 8 وکٹیں لیں، عدنان رسول نے22رنزکے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے میچ میں مجموعی طور پر9وکٹیں اپنے نام کیں۔



قذافی اسٹیڈیم میں لاہور شالیمار اور فیصل آباد کا میچ بے مزا رہا جس میں دونوں ٹیمیوں کی ایک ہی اننگز ممکن ہوسکی،کھیل کے آخری روز لاہور شالیمار نے 3 وکٹ پر 270 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا،102 رنز کے ساتھ کریز پر آنے والے عمر اکمل اسکور میں5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد رخصت ہوگئے،عمران بٹ کو نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر92 رنز پر ہی میدان سے باہر نکلنا پڑا،حافظ زوہیب نے 85 رنزکی اننگزکھیلی جبکہ عثمان نے40 رنز بنائے،اسد علی نے 4کھلاڑیوںکو ٹھکانے لگایاجبکہ نصیر اکرم اور احسان عادل نے 2،2 وکٹیں لیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کے آخری روز کوئی دلچسپی نہ تھی،پشاور نے ایک وکٹ پر 34 رنز کے ساتھ دوسری اننگز دوبارہ شروع کی اور 5 وکٹیں گنواکر 294 رنز بنائے، اسرار اللہ نے شاندار سنچری اسکورکرتے ہوئے127 رنزکی اننگز کھیلی،محمد رمضان نے 89 رنز بنائے،شعیب مقبول نے4 وکٹیں لیں،قبل ازیں ملتان نے پہلی باری میں340 رنز بنائے تھے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں جب میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوا تو ایبٹ آباد کی ٹیم نے دوسری اننگز میں2 وکٹ پر70 رنز بنائے،قبل ازیں بہاولپور کی ٹیم دوسری باری میں296رنز بنا کر آئوٹ ہوئی،کامران حسین نے 79،عثمان ظارق نے 60اور ذوالقرنین نے 51 رنز جوڑے،پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے احمد جمال نے دوسری باری میں بھی کھلاڑیوںکو پویلین پہنچاکر میچ میں مجموعی طورپر11 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں