ہاکیپاکستان کا آج پہلی آزمائش میں اسپین سے ٹاکرا

مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگا، دفاعی چیمپئن جرمنی اور بیلجیئم بھی آمنے سامنے.


مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگا، دفاعی چیمپئن جرمنی اور بیلجیئم بھی آمنے سامنے. فوٹو ایکسپریس

اولمپکس ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم پیر کو اپنے سفر کا آغاز اسپین کیخلاف میچ سے کرے گی، پاکستانی وقت کے مطابق یہ مقابلہ شام5 بج کر45منٹ پرشروع ہوگا، اس سے قبل دو میچز میں جنوبی کوریا کا سامنا نیوزی لینڈ سے اور ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کا ٹاکرا جنوبی افریقہ سے ہوگا، دیگر تین میچز میں دفاعی چیمپئن جرمنی کی پہلی آزمائش بیلجیئم سے ہوگی۔

میزبان برطانیہ کو ارجنٹائن کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ ایک ایونٹ کی غیرحاضری کے بعد اولمپکس میں دوبارہ شامل ہونے والی بھارتی ٹیم کو ابتدائی معرکے میں ہالینڈ کا سامنا ہوگا، اتوار کو شروع ہونے والے ویمنز ہاکی ایونٹ میں آسٹریلیا کو کیویز کے ہاتھوں غیرمتوقع شکست کا سامنا رہا، میچ کا واحد گول فینیلسون کے نام رہا،ہالینڈ نے بیلجیئم کو 3-0 اور جنوبی کوریا کو چین نے 4-0 سے مات دیدی۔ مینز فٹبال ٹورنامنٹ میں مصر اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، برازیل نے بیلاروس کو 3-1 سے ٹھکانے لگادیا، میکسیکو نے گیبون کو 2-0 سے ہرادیا۔

تفصیلات کے مطابق لندن اولمپک میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنے سفر کی شروعات پیر کو اسپین کیخلاف میچ سے کرے گی، اولمپک میں پاکستان اور اسپین کی ٹیمیں 9 ویں مرتبہ مدمقابل آئیں گی، اب تک کھیلے گئے باہمی 8 اولمپک میچز میں سے پاکستان نے 4 مرتبہ اسپین کو شکست دی ، 2 میں یورپی حریف فاتح رہا جبکہ دو میچز ہارجیت کے بغیر ختم ہوئے، گرین شرٹس نے ان مقابلوں میں حریف سائیڈ کے خلاف 18 گول کیے جبکہ12 گول اس کے خلاف ہوئے۔

اسپین نے چار برس قبل بیجنگ کے مینز ایونٹ کا فائنل کھیلا تھا، تاہم فیصلہ کن معرکے میں انھیں جرمنی کے ہاتھوںشکست ہوگئی تھی، جس کے بعد اسپینش ٹیم نے سلورمیڈل کے ساتھ اپنا سفر تمام کیا تھا، یاد رہے کہ لندن اولمپکس میں پاکستان چار کھیلوں ہاکی، شوٹنگ، ایتھلیٹکس اور سوئمنگ میں شریک ہیں لیکن صرف ہاکی کے ایونٹ میں میڈل کی توقع ہے۔کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ اولمپکس کے لیے تیاریاں اچھی ہیں، اللہ نے چاہا تو اسپین کو ہرا کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کریں گے۔

''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کے بعد برمنگھم میں ہونے والے کیمپوں کے بعد متوازن ٹیم تشکیل دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں، امید ہے جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم میگا ایونٹ کی پہلی آزمائش میں سرخرو رہے گی،انھوں نے مزیدکہا کہ یہ بات ہمارے بخوبی علم میں ہے کہ اسپین ہمارے پول کی مضبوط ترین ٹیم ہے لیکن ہم نے حریف سائیڈ کے خلاف وڈیوز دیکھ کر بھرپورکام کیا ہے، کھلاڑی بھی اس میچ میں شاندار کارکردگی دکھا کر میگا ایونٹ کافاتحانہ انداز میں آغاز کرنا چاہتے ہیں، خواجہ جنید نے قوم سے اپیل کی کہ وہ لندن اولمپکس کے مقابلوں کے درمیان ہاکی ٹیم کی کامیابیوں کے لیے دعا کریں۔

دوسری جانب اتوار کو شروع ہونے والے ویمنز ہاکی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ نے روایتی حریف آسٹریلیا کو 1-0 سے ہرادیا، فیصلہ کن گول کھیل کے تیسرے منٹ میں پنالٹی کارنر کے ریبائونڈ پر فینیلسون نے بنایا، اگرچہ اس کے بعد آسٹریلوی خواتین نے گیم پر کنٹرول رکھتے ہوئے گول بنانے کے کئی مواقع حاصل کیے لیکن وہ ان سے خاطرخواہ فائدہ نہیں اٹھاپائیں، کھیل کے 14ویں منٹ میں میگان ریورز کی لگائی ہوئی شوٹ کیوی گول کیپر بیانکا رسل کے دائیں ہاتھ سے ٹکرانے کے بعد گول پوسٹ سے باہر چلی گئی، دوسرے ہاف کے آغاز پر کیوی پلیئرز شارلوٹ ہیریسن اور جیما فلائن کی کاوش کو آسٹریلین گول کیپر ٹونی کرونک نے ناکام بنادیا۔ہالینڈ نے بیلیجیئم کیخلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔

چین نے جنوبی کوریا کو4-0 سے آئوٹ کلاس کردیا۔مینز فٹبال کے گروپ ' سی ' میں مصر اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ 1-1 سے برابری پر اختتام کو پہنچا ، اسی گروپ کے دوسرے مقابلے میں ٹائٹل جیتنے کیلیے فیورٹ خیال کیے جانیو الے برازیل نے بیلاروس کو 3-1 سے ٹھکانے لگادیا، گروپ ' بی ' مقابلے میں میکسیکو نے گیبون کیخلاف 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں