کراچی میں امن کیلیے سخت اقدامات کیے جائیں صدر زرداری

قیام امن کیلیے سیاسی قوتوں کواعتماد میں لیکرمربوط پالیسی بنائیں، وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت


Staff Reporter January 12, 2013
بلوچستان میں قیام امن کیلیے حکومت ہرمدد کریگی ،گورنرمگسی اور رئیسانی سے فون پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

صدرآصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لیے سندھ حکومت مزید سخت ترین اقدامات کرے۔

کراچی میں قیام امن کے لیے تمام سیاسی قوتوں کواعتماد میں لے کرمربوط پالیسی تشکیل دیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تیز کیا جائے۔ یہ ہدایت جمعے کو وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو کی جنھوں نے صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں صدر زرداری سے ملاقات کی۔

علاوہ ازیں گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی اوروزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں امن خراب کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی اور بلوچستان میں قیام امن اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کرے گی۔

08

کوئٹہ بم دھماکوں میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں کی ہر ممکن مالی امداد کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق صدر زرداری اوروزیراعلی قائم علی شاہ کے درمیان ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال ،ترقیاتی منصوبوں اور کراچی میں قیام امن کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی ۔ صدر نے انھیں مزید ہدایت کی کہ کراچی سمیت صوبے بھر کی ترقی کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیاجائے ، بلدیاتی اداروں کے مسائل کے حل اور عوامی نوعیت کے منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجرا کو یقینی بنایا جائے۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال اورکوئٹہ میں گزشتہ روز دھماکوں میں ہونے والی ہلاکتوں اور نقصانات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔صدر نے ان واقعات پردلی افسوس کا اظہار کیا۔صدر نے کہا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں