خالی نشستیں لندن اولمپک منتظمین کو منہ چڑانے لگیں

شائقین کا ردعمل دیکھ کر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تحقیقات شروع کردیں


AFP July 30, 2012
شائقین کا ردعمل دیکھ کر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تحقیقات شروع کردیں

لندن اولمپکس کے کئی وینیوز میں خالی سیٹیں آرگنائزرزکو منہ چڑانے لگیں، ٹکٹوں کی تلاش میں مارے مارے پھرنے والے شائقین مختلف کھیلوں میں کم کرائوڈ کو دیکھ کر آگ بگولا ہوگئے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لندن اولمپکس میں عوام کا جوش و خروش دیدنی ہونے کے باوجود مختلف مقابلوں میں خالی نشستیں آرگنائزرز کیلیے شرمندگی کا باعث بن گئی ہیں انھیں اس معاملے پر شائقین کے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اتوار کو ومبلڈن میں جاری ٹینس اور اکواٹک سینٹر میں سوئمنگ مقابلوں کے دوران نشستوں کی کئی کئی قطاریں خالی دکھائی دیں جس سے ایونٹ سے قبل ٹکٹوں کی تلاش میں مارے مارے پھرنے والے شائقین کو خاص طور پر سخت غصہ آیا، جب ٹکٹیں فروخت کیلیے پیش کی گئی تھیں اس وقت بہت زیادہ طلب دیکھنے میں آئی تھی ہزاروں شائقین کو ٹکٹیں نہ ملنے پر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھی فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ آرگنائزرز نے خالی نشستوں کی ذمہ داری اعزازی ٹکٹ پانے والوں پر ڈال دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی، اسپانسرز اور میڈیا نمائندوں کو جو ٹکٹیں فراہم کی گئی تھیں وہ نہیں آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرگنائزرز اس صورتحال پر کافی ناخوش اور اس کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کررہے ہیں۔ برطانیہ کے وزیر ثقافت جیمریمی ہنٹ کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے دوران خالی نشستوں کا دکھائی دینا مایوس کن اور ان پر شائقین کوہی ترجیح دینی چاہیے تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں