امریکی خفیہ ادارے کا حساس معلومات والا لیپ ٹاپ چوری

لیپ ٹاپ میں ہلیری کلنٹن ای میل اسکینڈل سے متعلق تفتیشی مواد کے علاوہ دوسری حساس اور خفیہ معلومات بھی تھیں

چوری شدہ لیپ ٹاپ میں ہلیری کلنٹن ای میل اسکینڈل کا تفتیشی مواد اور دوسری حساس معلومات بھی تھیں۔ (فوٹو: فائل)

امریکی سیکرٹ سروس کے ایک افسر کا لیپ ٹاپ چوری ہوگیا ہے جس میں ہلیری کلنٹن ای میل اسکینڈل سے متعلق تفتیشی مواد کے علاوہ دوسری حساس اور خفیہ معلومات بھی موجود تھیں۔

اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے یو ایس سیکرٹ سروس نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ اہلکار کا لیپ ٹاپ اس وقت چوری ہوا جب وہ بروکلن، نیویارک میں اپنی گاڑی پارکنگ میں چھوڑ کر تھوڑی دیر کےلیے کہیں گیا تھا۔

پارکنگ لاٹ میں نصب کیمروں کی مدد سے معلوم ہوا ہے کہ لیپ ٹاپ چوری کرنے والا شخص کوئی نقاب پوش سفید فام تھا جس نے سیاہ کپڑے پہنے ہوئے تھے اور وہ باہر نکل کر شاید اُوبر کی ٹیکسی میں سوار ہوکر فرار ہوگیا۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کوئی عام چور تھا یا پھر یہ کارروائی کسی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی تھی۔


لیپ ٹاپ میں یو ایس سیکرٹ سروس کے تحت ہلیری کلنٹن کے خلاف ای میل اسکینڈل کی تفتیش سے متعلق مواد، ٹرمپ ٹاور کا فلور پلان اور امریکی سلامتی سے تعلق رکھنے والی دوسری حساس معلومات بھی موجود تھیں جن کے اس طرح چوری ہوجانے کو 'انتہائی سنگین معاملہ' قرار دیا جارہا ہے۔

اگرچہ اس لیپ ٹاپ کی ہارڈ ڈسک میں حساس معلومات انکرپشن کے علاوہ پاس ورڈ اور دوسری حفاظتی تدابیر کے ذریعے انتہائی محفوظ بنائی گئی ہیں لیکن پھر بھی اس کا غلط ہاتھوں میں پہنچ جانا خطرناک تصور کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران امریکی سیکرٹ سروس (USSS) کو کارکردگی اور کارکنان کے اطمینان کے نقطہ نگاہ سے بدترین سرکاری اداروں میں شامل کیا گیا ہے جس کے اہلکار پیشہ ورانہ غفلت اور کوتاہیوں کے سب سے زیادہ مرتکب ہورہے ہیں۔
Load Next Story